اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہاہے کہ گلگت بلتستان کے عوام نے پی ٹی آئی کو کامیاب بناکر نوازشریف کا بیانیہ زمین بوس کردیا ہے۔
اپنے ٹویٹ میں شبلی فراز نے کہاکہ گلگت بلتستان کے عوام نے اپنے روشن مستقبل کیلئے رائے دہی کا جمہوری حق استعمال کیا ان کا جذبہ اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ وہ تبدیلی کے خواہاں ہیں شفاف انتخابات کے نتیجے میں گلگت بلتستان ترقی اور خوشحالی کے راستے پر گامزن ہوگا،کہ گلگت بلتستان کے عوام کا جذبہ اس بات کی غمازی کرتا کہ وہ تبدیلی کے خواہاں ہیں۔
گلگت بلتستان کے عوام اپنے ووٹ کی طاقت سے ایک دہائی سے ان پر مسلط نا اہل ٹولہ مسترد کر دیاکیونکہ انکی ترجیح کبھی عوام کی بھلائی نہیں رہی۔دوسری جانب معاون خصوصی وزیراعلی پنجاب فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ شفاف انتخابات نے گلگت بلتستان کی ترقی اور خوشحالی پر مہرثبت کردی ہے،تاہم دوسری جانب اپوزیشن جماعتوں نے الیکشن کے عمل خصوصاً ووٹوں کی گنتی پر ابتدائی تحفظات کا اظہار کردیا ہے۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان الیکشن میں خواتین کی بھرپور شمولیت خوش آئند ہے۔اپنے ایک بیان میں مریم نواز نے کہا کہ مشکل موسمی حالات میں گلگت بلتستان کے عوام کے ووٹ ڈالنے پر انہیں سلام پیش کرتی ہوں۔مریم نواز نے مطالبہ کیا کہ الیکشن کمیشن ووٹ ڈالنے اور ووٹوں کی گنتی کا عمل شفاف بنائے۔شکایات کے باوجود الیکشن کمیشن نے کوئی نوٹس نہیں لیا عوام کے جوش وجذبے کی توہین کی گئی، ن لیگ کے 17 امیدواروں میں سے صرف چند کو مقابلے کیلئے چھوڑاگیا جو پری پول دھاندلی تھی اب گنتی کے عمل میں بھی شفافیت کے تقاضوں پر تحفظات ہیں۔
دوسری جانب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ جب میاں محمد نواز شریف کی طرح عوام کامنتخب وزیر اعظم ہو تو 126 دن کا دھرنا بھی ناکام ہوتا ہے مگر جب سلیکٹڈ ہوں تو محض جلسوں سے ٹانگیں کانپنیں لگ جاتی ہیں۔اتنا خوف ہے کہ مسلم لیگ(ن) کے ہر جلسے سے پہلے وہاں کے رہنماؤں پر کریک ڈاؤن شروع ہوجاتا ہے۔ حکومت کو گھر تو جانا ہی پڑے گا، انشااللہ،ملتان سے (ن)لیگ کے سابق ایم این اے ملک عبدالغفار ڈوگر کا جرم یہی ہے کہ وہ نوازشریف کے بیانیے کا علم بلند کیے ہوئے ہیں۔ جبکہ پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن گلگت بلتستان انتخابات کے دوران ہر ووٹ کی پولنگ اور گنتی یقینی بنائے۔
ٹویٹر پیغام میں کہا کہ انتخابات میں اہلیان گلگت بلتستان کا جوش جمہوریت کیساتھ ان کی وابستگی کا عہد ہے، الیکشن کمیشن کو چاہیئے عوام کے ان جذبات کو ملحوظ خاطر رکھے۔ الیکشن کمیشن اس بات کو یقینی بنائے کہ ایک ایک ووٹ کاسٹ ہو اور ایک ایک ووٹ کا شمار ہو۔گنتی کے دوران شفافیت کے تقاضوں کو پورا نہ کرنے پر ہمارے تحفظات ہیں۔
ادھر ترجمان بلاول مصطفی نواز کھوکھر نے بھی جی بی الیکشن میں دھاندلی کی شکایات کا اظہار کردیا۔ دریں اثناء چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان راجہ شہباز خان نے اپوزیشن کے تمام الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا ہے اور کہاہے کہ اگر اپوزیشن کے پاس ٹھوس ثبوت ہیں تو پیش کریں بے بنیاد الزامات سے الیکشن کو متنازعہ بنانے کی کوشش نہ کی جائے قبل ازیں انہوں نے پولنگ کا جائزہ بھی لیا اور لوگوں سے معلومات حاصل کیں، میڈیا سے مختصر گفتگو میں انہوں نے کہاکہ خراب موسم کے باعث بعض حلقوں کے نتائج میں تاخیر ہوئی ہے۔