لاہور قلندرز نے پی ایس ایل کے فائنل میں جگہ بنالی، ملتان سلطانز کو شکست

کراچی: لاہور قلندرز نے دوسرے ایلیمینٹر میچ میں ملتان سلطانز کو 25رنز سے ہراکر پاکستان سپر لیگ کے فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا ہے۔ ملتان سلطانز کی ٹیم 183رنز کے ہدف کے تعاقب میں 157رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

لاہور قلندرز کراچی کنگز کیخلاف منگل کو فائنل میچ کھیلے گی۔

کراچی میں کھیلے جانیولے میچ میں ملتان سلطانز نے ٹاس جیت کر  لاہور قلندرز کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

لاہور قلندرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20اوورز میں 6وکٹوں کے نقصان پر 182رنز بنائے اور ملتان کو جیت کیلئے 183رنز کا ہدف دیا۔

اوپنرز نے جارحانہ آغاز فراہم کیا تمیم اقبال 30رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ فخر زمان نے 46رنز سکور کئے۔

ڈیوڈ ویسے نے سب سے زیادہ 48رنز بنائے جبکہ کپتان سہیل اختر صرف 5رنز ہی بناسکے۔ 

پہلے ایلیمینٹرمیچ میں مین آف دی میچ کا اعزاز حاصل کرنے والے محمد حفیظ 19رنز ہی بنا سکے۔

ملتان سلطانز کے شاہد آفریدی نے 2وکٹیں حاصل کیں جبکہ سہیل تنویر، محمد الیاس، جنید خان اور لائتھ ایک، ایک وکٹ حاصل کرسکے۔

ہدف کے تعاقب میں ملتان سلطانز نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے تیزی سے رنز سکور کرنا شروع کئے۔اوپرلائتھ 29گیندوں پر 50رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

دوسرے اوپنر ذیشان اشرف صرف 12رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔ کپتان شان مسعود نے 27رنز کی اننگز کھیلی۔

رووسو نے 18جبکہ خوشدل شاہ نے 30رنز سکور کئے۔شاہد آفریدی پہلی ہی گیند پر حارث رؤف کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔

لاہور قلندر کی جانب سے حارث رؤف اور ڈیوڈ ویسے نے 3،3وکٹیں حاصل کیں جبکہ شاہین آفریدی اور دلبر نے 2،2وکٹیں حاصل کیں 

 کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کے درمیان فائنل میچ منگل کو کھیلا جائیگا۔