وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی زیرصدارت بین الصوبائی وزرائے تعلیم کانفرنس ہوئی جس میں تمام صوبائی وزرائے تعلیم نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) اور دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس کو کورونا کیسز کی موجودہ صورتحال پر بریفنگ دی اور ملک میں بڑھتے ہوئے کورونا کیسز کی وجہ سے تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی تعطیلات جلد اور لمبی کرنے سے متعلق مشاورت ہوئی۔
اجلاس میں موسم سرما کی تعطیلات نومبر سے جنوری تک کرنے کی تجویز پیش کرتے ہوئے کہا گیا کہ تعلیمی اداروں میں کوویڈ کیسز خطرناک حد تک بڑھ گئے ہیں تاہم وزرائے تعلیم نے اسکولز بند کرنے کی مخالفت کردی۔ اگلے ہفتے دوبارہ وزرائے تعلیم کا اجلاس ہو گا جس میں صورت حال کا جائزہ لیا جائے گا۔
دوسری جانب وزیر اعظم عمران خان کی زیرصدارت قومی رابطہ کمیٹی (این سی سی) کا اجلاس آج شام کو متوقع ہے جس میں تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی تعطیلات سے متعلق حتمی فیصلہ ہوگا۔