اسلام آباد: فیض آباد پر تحریک لبیک پاکستان کا دھرنا جاری ہے جس کی وجہ سے جڑواں شہروں میں موبائل فون سروس تاحال بند جب کہ سڑکوں پرجگہ جگہ رکاوٹیں کھڑی ہیں۔
تحریک لبیک کے کارکنوں نے فیض آباد کے قریبی ہوٹلوں اور فیض آباد پل کے نیچے رات گزاری اور رات بھر پولیس اور مظاہرین کے درمیان آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری رہا۔
مشتعل مظاہرین اسلام آباد میں داخل ہونے کی کوشش کرتے رہے جب کہ پولیس کی جانب سے تحریک لبیک کے کارکنوں کو روکنے کے لیے شیلنگ کی گئی۔
جڑواں شہروں میں گزشتہ روز بند ہونے والی میٹرو بس اور موبائل فون سروس تاحال بحال نا ہوسکی جب کہ فیض آباد کی صورتحال کے بعد راولپنڈی اندرون شہر کنٹینرز اور رکاوٹیں بدستور موجود ہیں جن کے باعث ائیر پورٹ اور ریلوے اسٹیشن جانے والے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔