حکومت سے مذاکرات کامیاب، مذہبی جماعت دھرنا ختم کرنے پر تیار

اسلام آباد: وفاقی حکومت سے کامیاب مذاکرات کے بعد تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) نے فرانس میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کے خلاف فیض آباد میں جاری احتجاجی دھرنا ختم کرنے پر تیار ہوگئی ہے۔


 وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے ٹی ایل پی کے سربراہ علامہ خادم رضوی سے مذاکرات کیے۔

وزیر داخلہ سید اعجاز شاہ، کمشنر اسلام آباد عامر احمد اور مشیر داخلہ شہزاد اکبر اور سیکریٹری داخلہ بھی مذاکراتی ٹیم میں شامل تھے۔


واضح رہے اس سے قبل اسلام آباد انتظامیہ نے فرانس میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کے خلاف تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے احتجاجی مظاہروں کے پیش نظر فیض آباد میں پولیس، رینجرز اور فرنٹیئر کور کے 3 ہزار 113 سیکیورٹی اہلکاروں کو تعینات کردیا۔

گزشتہ روز راولپنڈی میں منعقدہ احتجاجی ریلی میں 5 ہزار افراد نے شرکت کی تھی، ریلی آج بھی جاری رہی اور ریلی کے شرکا نے روڈ بلاک کردیا جس کے باعث لوگوں کو دارالحکومت میں داخل ہونے میں دشواری کا سامنا رہا۔