کراچی: پاکستان سپر لیگ فائیو کے فائنل میچ میں کراچی کنگز لاہور قلندرز کو 5وکٹوں سے ہراکر پہلی مرتبہ چیمپئن بن گیا۔
بابر اعظم نے ناقابل شکست 63رنز سکور کرتے ہوئے ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ ٹیم نے 18.4اوورز میں 135رنز کا ہدف 5وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
کراچی میں کھیلے جانیوالے فائنل میں لاہور قلندرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹ کے نقصان پر 134 رنز بنائے۔
لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر نے کراچی کنگز کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تو فخرزمان اور تمیم اقبال بیٹنگ کے لیے میدان میں اترے اور محتاط انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے پاور پلے میں بغیر کوئی وکٹ گنوائیں 37 رنز بنائے اور دونوں اوپنرز نے انتہائی سست بیٹنگ کرتے ہوئے 10 اوورز میں 68 رنز بنائے۔
اننگز کے گیارہویں اوور میں عمید آصف نے دونوں اوپننگ بلے بازوں کی اننگز کا خاتمہ کیا، تمیم اقبال 38 گیندوں پر 35 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ فخرزمان نے 24 گیندوں پر 27 رنز کی اننگز کھیلی۔
لاہور قلندرز کے سب سے اہم بلے باز محمد حفیظ بڑے معرکے میں ناکام ثابت ہوئے اور صرف 2 رنز بنانے کے بعد پویلین واپس لوٹ گئے۔
سمت پٹیل صرف 5 رنز پر ہمت ہار بیٹھے اور بین ڈنگ بھی 11 رنز کے ہی مہمان ثابت ہوئے۔ دونوں ارشد اقبال کا شکار بنے
لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر بھی 14 رنز ہی بناسکے۔ محمد فیضان بغیر کوئی رنز بنائے وقاص مقصود کو وکٹ دے بیٹھے۔
شاہین آفریدی 12 اور ڈیوڈ ویزے 14 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔
کراچی کنگز کی جانب سے ارشد اقبال، عمید آصف، وقاص مقصود نے 2،2 اور کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے ایک وکٹ حاصل کی۔
کراچی کنگز کی جانب بابر اعظم اور شرجیل خان نے اننگز کا آغاز کیا تاہم شرجیل خان 12گیندوں پر 13رنز بنا کر سمت پٹیل کی گیند پر فخرزمان کو کیچ دیکر پھر لمبی اننگ کھیلنے میں ناکام رہے۔
بابراعظم نے الیکس ہیلز کے ساتھ اسکور بورڈ کو آگے بڑھایا تاہم 49 کے مجموعی اسکور پر الیکس بھی 11 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے جس کے بعد چیڈوک والٹن اور بابراعظم کے درمیان 50 رنز کی اہم شراکت قائم ہوئی۔ اس دوران بابراعظم نے انتہائی ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے نہ صرف وکٹ روکے رکھی بلکہ اسکور بورڈ کو بھی آگے بڑھایا۔
بابراعظم نے 39 گیندوں پر اپنی نصف سنچری مکمل کی جس میں 6 چوکے شامل تھے جب کہ والٹن نے بھی ان کا بھرپور ساتھ دیتے ہوئے 22 رنز کی اننگز کھیلی۔
افتخار احمد 4رنز پر آؤٹ ہوگئے۔ ان کے آؤٹ ہونے کے بعد کپتان عماد وسیم بیٹنگ کیلئے آئے اور انہوں نے وننگ شاٹ کھیلتے ہوئے ٹیم کو چیمپئن بنا دیا۔ بابر اعظم 49گیندوں پر 63رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔
بابر اعظم کو فائنل میچ کا مرد میدان قرار دیا گیا۔