لاہور:پاکستان کرکٹ بورڈ نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم آئندہ سال جولائی میں انگلینڈ اور ویلز کا دورہ کرے گی، جہاں قومی کرکٹ ٹیم آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ سپر لیگ میں شامل3 ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلے گی۔
دورے میں تین ٹی ٹونئٹی انٹرنیشنل میچز بھی شامل ہیں۔لیگ میں شامل تین ایک روزہ میچز 8، 10 اور 13 جولائی کو بالترتیب کارڈف،لندن (لارڈز) اور برمنگھم میں کھیلے جائیں گے۔
16، 18 اور 20 جولائی کو شیڈول تین ٹی ٹونئٹی انٹرنیشنل میچزبالترتیب نوٹنگھم، لیڈز اور مانچسٹر میں کھیلے جائیں گے۔ آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ 2023 کے اس کوالیفائنگ راؤنڈ میں انگلینڈ کی ٹیم اب تک پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ہے۔ ان کے پوائنٹس کی تعداد 30 ہے جبکہ پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیمیں 20، 20 پوائنٹس کیساتھ پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر پر موجود ہیں،دیگر آٹھ ٹیموں نے اب تک لیگ میں شامل اپنا کوئی بھی میچ نہیں کھیلا۔
آئی سی سی کا آئندہ ورلڈکپ سال 2023 کو اکتوبر نومبر میں بھارت میں شیڈول ہے‘ سال 2016 سے اب تک پاکستان کا یہ مسلسل چھٹا دورہ انگلینڈ ہے۔ سال 2016 میں پاکستان نے انگلینڈ میں کھیلی گئی چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز 2-2 سے برابر کی تھی۔
اگلے سال وہاں کھیلی گئی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا ٹائٹل پاکستان نے جیتا تھا۔ سال دوہزار اٹھارہ میں وہاں کھیلی گئی 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز بھی پاکستان نے 1-1 سے برابر کی تھی، 2019 میں پاکستان نے وہاں کھیلے گئے اور آئی سی سی ایونٹ میں شرکت کی تھی۔