مانسہرہ:مسلم لیگ (ن)کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ جب تک یہ جعلی حکومت ہمارے سروں پر سوار ہے یہ ملک نہیں چل سکتا،جب تک یہ جعلی حکومت ہے آپ کا ووٹ چوری ہوتا رہے گاِِِ۔
نوز شریف کے نعرے ووٹ کو عزت دو کا یہ اثر ہوا ہے کہ آج دھاندلی کے باوجود گلگت بلتستان میں انہیں نہیں جتایا جا سکا، اب یہ دھاندلی کر کے بھی نہیں جیت سکتا، تمام تر دھاندلی کے باوجود اسے صرف 8سیٹیں ملیں اور وہ سیٹیں بھی ان کی نہیں بلکہ مسلم لیگ(ن)کے توڑے ہوئے امیدواروں کی مرہون منت ہیں۔
نواز شریف کے بیانئے نے تمہاری سیاست کو دفن کردیا اور تمہیں کہیں کا نہیں چھوڑا،نواز شریف کا بیانیہ ہی تھا کہ فکس میچ کے باوجود تمہیں مینڈیٹ نہیں ملا بلکہ صرف بیساکھیاں ملی ہیں، جو انسان ایک یونین کونسل بھی چلانے کے قابل نہیں تھا اس کو 22کروڑ عوام کے ملک کی ذمے داری دے دی۔
بدھ کومانسہرہ میں مسلم لیگ(ن)کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے ابتدا میں پنجابی زبان میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج یہاں میزبان اور مہمان بھی میں ہی ہوں، مجھے آج یہ پتہ چل گیا کہ ہزارہ نواز شریف کا تھانواز شریف نے آپ سے کئے گئے وعدے نبھائے اور جس نے پورے پاکستان میں ایک اینٹ نہیں لگائی، جو آپ کے ووٹ چوری کر کے لے گیا، آج وہ نواز شریف کی ہزارہ موٹروے پر بڑی چالاکی سے اپنی تختی لگا کر چلا گیا۔
ایک کروڑ نوکریوں میں سے ایک بھی نوکری کسی کو ملی، کیا 50لاکھ گھروں میں سے ایک کمرہ بھی کسی کو ملا، کیا 47روپے پیٹرول کسی کو ملا؟۔
انہوں نے کہا کہ یہ بات جان لو کہ جب تک یہ جعلی حکومت ہمارے سروں پر سوار ہے یہ ملک نہیں چل سکتا، جب تک یہ جعلی حکومت ہے مہنگائی کم نہیں ہو سکتی، جب تک یہ جعلی حکومت ہے، غریب کا چولہا نہیں جل سکتا، جب تک یہ جعلی حکومت ہے غریب کا گھر نہیں چل سکتا، ہمارے غریب مریضوں کو سستی دوائی نہیں مل سکتی۔
جب تک یہ جعلی حکومت ہمارے سروں پر ہے آٹا چوری نہیں رکے گی، چینی چوری نہیں رکے گی اور جب تک یہ جعلی حکومت ہے آپ کا ووٹ چوری ہوتا رہے گا۔