وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پرانا بلدیاتی نظام ناکام ہوچکا اور اب تاریخ کا بہترین نیا نظام لارہے ہیں۔
وزیراعظم عمران خان نے فیصل آباد میں برآمد کنندگان اور تاجر برادری کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی ذمہ داری ہے وہ شہریوں کو سہولیات فراہم کرے، ملکی مسائل کی کمی میں بلدیاتی نظام اہم کردار ادا کرتا ہے، نیا بلدیاتی نظام لارہے ہیں جو ملکی تاریخ کا سب سے بہترین نظام ہوگا۔
وزیراعظم نے کہا کہ نئے نظام میں ہر شہر کا اپنا الیکشن ہوگا یعنی میئر کا براہ راست الیکشن ہوگا، بلواسطہ الیکشن نہیں ہوگا کہ پہلے یوسی ناظم کا الیکشن ہو جو میئر منتخب کرے کیونکہ اس نظام میں پیسہ چلتا ہے، وہ نظام ناکام ہوچکا ہے، نئے نظام میں میئر اپنی کابینہ منتخب کرے گا جس میں ماہرین ہوں گے، مثلا آبی ماہرین اور ماہرین تعلیم، جو شہر کے مسائل کے بہتر حل کیلئے مئیر کے ٹیم کا حصہ ہوں گے۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ فیصل آباد جیسا شہر کبھی بھی صرف صوبائی ترقیاتی فنڈ سے ٹھیک نہیں ہوسکتا، صرف لاہور پر پیسہ خرچ کریں گے تو پنجاب کے باقی شہر پیچھے رہ جائیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ فیصل آباد میں ہائیکورٹ بینچ کے قیام کی بات سے بھی متفق ہوں، ایک دن آئے گا کہ مانچسٹر کہے گا کہ فیصل آباد ہم سے آگے نکل گیا، انسان کو سوچ بڑی رکھنی چاہیے۔