وزیراعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر کابل پہنچ گئے جہاں وہ افغان قیادت سے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور افغان امن عمل پر بات چیت کریں گے۔
وزیراعظم عمران خان افغان صدر اشرف غنی کی خصوصی دعوت پر ایک روزہ دورے پر کابل پہنچے ہیں، ان کے ہمراہ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی، مشیر تجارت عبد الرزاق داؤد، ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹینٹ جنرل فیض حمید، سیکرٹری خارجہ سہیل محمود اورافغانستان میں پاکستان کے نمائندہ خصوصی سمیت دیگر اہم شخصیات بھی ہیں۔
کابل ایئرپورٹ پر وزیراعظم اور ان کے وفد کا استقبال افغان وزیرخارجہ محمد حنیف اتمر اور پاکستان کے لیے افغان صدر کے خصوصی نمائندے محمد عمر داؤد زئی اور سینئر حکام نے کیا۔
اس موقع پر افغانستان کے لیے پاکستانی سفیر منصور احمد خان اور سفارتخانے کے دیگر عہدیدار بھی موجود تھے۔
بعد ازاں وزیراعظم کابل میں افغان صدارتی محل پہنچے جہاں افغان صدر اشرف غنی نے ان کا استقبال کیا جبکہ ان کے اعزاز میں ایک استقبالیہ تقریب کا انعقاد بھی کیا گیا۔
استقبالیہ تقریب میں وزیراعظم عمران خان کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا اور دونوں ممالک کے قومی ترانے بجائے گئے جبکہ دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے سے اپنے وفود کا تعارف کروایا۔
وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد عمران خان کا یہ پہلا دورہ افغانستان ہے ، دورے کا مقصد دونوں ملکوں کے مابین دوطرفہ تعلقات ، افغان امن عمل ، اور علاقائی معاشی ترقی اور رابطوں کو مزید مستحکم کرنے سمیت متعدد شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینا ہے ۔