بلوچستان کی ترقی کیلئے 600ارب کے پیکج کا اعلان 

 

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے  بلوچستان کے 9 پسماندہ ترین اضلاع کی ترقی کے لئے 600ارب روپے کے پیکج کا اعلان کردیا۔

 پیکج کے تحت آئندہ 3سال کے دوران600ارب روپے پسماندہ ترین اضلاع میں ترقیاتی منصوبوں پر خرچ کئے جائیں گے۔

 وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر، وزیر مواصلات مراد سعید، وزیر دفاعی پیداوار زبیدہ جلال اور شبلی فراز نے  پیکج کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی تاریخ میں پسماندہ  اضلاع کی ترقی کا  یہ سب سے بڑا ترقیاتی پروگرام ہے، جب منصوبے مکمل ہوں گے تو ترقی زمین پر نظر آئے گی۔

 بلو چستان میں زیتون کی پیداوار کے منصوبے پر کام شروع ہوا ہے،کھجوروں کے پراسنگ پلانٹ لگائے جا رہے ہیں،تعلیم کے شعبہ میں 6لاکھ 40ہزار بچوں کو جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے ریمورٹ لرننگ سسٹم کے تحت تعلیم دی جائے گی۔

  وسیلہ پروگرام کے تحت 83ہزار بچوں کو مفت داخلہ دیا جائے گا،  بچی کی صورت میں 2 ہزار روپے ماہانہ والدین کو معاوضہ دیا جائے گا  جبکہ بچے کی صورت میں والدین کو1500روپے وظیفہ دیا جائے گا، صحت کے شعبہ میں بہتری کے لئے200سے زیادہ صحت کے مراکز کو اپ گریڈ کیا جائے گا، 16نئے ڈیمز بنا ئے جائیں گے۔

 حکومت نے 3083کلومیٹر سڑکوں پر کام شروع کیا ہے  جبکہ گزشتہ دنوں حکومتوں نے مل کر کل  10385 کلومیٹر کی سڑکیں بنائیں، اس وقت 250ارب کے منصوبوں پر کام کر رہے ہیں۔
گوادر میں  وزات دفاعی پیداوار بلوچستان حکومت سے ملکر شپ یارڈ کی تعمیر کا منصوبہ لگائے گی۔

جمعرات کو وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی اسد عمر نے وفاقی وزیر  اطلاعات شبلی فراز، وزیر مواصلات مراد سعید اور وزیر دفاعی پیداوار زبیدہ جلال ہے ہمراہ وزارت منصوبہ بندی میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان  کے پسماندہ اضلا ع میں 16نئے ڈیمز بنا رہے ہیں،  جس سے ایک لاکھ 50ہزار ایکٹر زمین زیرکاشت ہوگئی  اور  ملازمتوں کے مواقع پیدا ہوں گے۔
  آئندہ تین سال میں بلو چستان کے  9 پسماندہ ترین اضلاع میں 600ارب روپے خرچ کئے جائیں گے، جس میں سے 560  ارب روپیہ وفاق لگائے گی  اور40ارب بلوچستان حکومت لگائے گی۔گیس کی فراہمی کے لیے جدید نظام متعارف کرایا جارہا ہے۔

سب سے زیادہ رقم سڑکوں کی تعمیر پر خرچ ہوگی،گلگت بلتستان میں تحریک انصاف کی حکومت بن جائے گی، گلگت بلتستان کے عوام نے عمران خان پر اعتماد کا اظہار کیا ہے، کسانوں کو مقامی طور پر بہتر معاوضہ مل سکتا ہے،نوجوان ملک کا سرمایہ ہیں، ان کیلئے روزگار مہیا کرنا ہوگا۔

 وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کا ویژن ہے کہ پسماندہ علاقوں کو ترقی دی جائے، سابقہ فاٹا کے ضم شدہ علاقے محرومیوں کا شکار تھے، وزیراعظم نے بڑے منصوبوں کا اعلان کیا تھا، بلوچستان کے سب سے پسماندہ اضلاع کی بہتری کیلئے اہداف دیے گئے تھے، بعض منصوبوں پر کام جاری ہے۔

  مغربی روٹ سی پیک کے تحت ایک خواب تھا اس کو موجودہ حکومت نے حقیقت میں بدلا، اس وقت اس میں کام جاری ہے،خضدار لسبیلہ روڈ کے منصوبے پر کام جاری ہے، ہوشاب  آواران سیکشن کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا ہے۔