نیدر لینڈ: ’’دی ٹائیسن لیڈی‘‘ کے نام سے مشہور معروف کک باکسر روبی جیسیا میسو نے اسلام قبول کرلیا یہ خبر انہوں نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر دی۔
کک باکسر روبی جیسیا کا تعلق ہالینڈ سے ہے۔ اسلام قبول کرنے سے قبل ان کا تعلق مسیحی مذہب سے تھا۔ تاہم انہوں نے چند برس قبل اسلام سے متعلق پڑھنا شروع کیا۔ اسلامی تعلیمات نے انہیں اس قدر متاثر کیا کہ انہوں نے باضابطہ طور پر دائرہ اسلام میں داخل ہونے کا فیصلہ کرلیا۔
روبی جیسیا نے ہالینڈ کی مسجد میں گواہوں کے سامنے کلمہ شہادت ادا کیا اور متعلقہ دستاویزات پر دستخط کیے۔ انہوں نے دائرہ اسلام میں داخل ہونے کی خبر اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر دی بعد ازاں اس پوسٹ کو ہٹا دیا گیا۔
روبی جیسیا کے اسلام قبول کرنے کی خبر سوشل میڈیا پر پھیل گئی اور متعدد ٹوئٹر اکاؤنٹس نے اس خبر کو ری ٹوئٹ کیا۔ اور ان کے دائرہ اسلام میں داخل ہونے کی خوشخبری شیئر کرتے ہوئے ان کے حق میں دعا کی کہ خدا ان کی رہنمائی کرے۔
کک باکسر روبی جیسیا اسلام قبول کرتے وقت باحجاب تھیں اور ان کی حجاب میں ملبوس تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔ انہیں دنیا بھر کے مسلمانوں کی جانب سے محبت اور تعریفوں سے نوازا جارہا ہے۔ روبی دنیا بھر میں ’’دی ٹائیسن لیڈی‘‘ کے نام سے بھی مشہور ہیں۔