اسپیکر قومی اسمبلی سے پارلیمانی کورونا کمیٹی کا اجلاس بلانے کی درخواست

 این سی او سی کے سربراہ اور وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر  نے اسپیکر قومی اسمبلی سے پارلیمان کی کورونا کمیٹی کا اجلاس بلانے کی درخواست کردی۔

وفاقی وزیر اسد عمر کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی سے پارلیمان کی کورونا کمیٹی کا اجلاس بلانے کی درخواست کی ہے لیکن پی ڈی ایم نے واضح کیاہےکہ وہ اسپیکر کے اجلاس میں نہیں جائیں گے۔

ترجمان پی ڈی ایم میاں افتخار حسین کا کہنا تھا کہ اسپیکر اسمبلی کے اجلاس میں نہیں جائیں گے، پیپلزپارٹی اور ن لیگ بھی حکومت کو جلسے روکنے سے خبردار کرچکی ہے۔

دوسری جانب پیپلزپارٹی پنجاب کے رہنما چوہدری منظور کی زیرصدارت پارٹی کا اجلاس ہوا جس میں رہنماؤں نے پی ڈی ایم جلسوں میں بھرپور شرکت کا اعلان کیا۔

پی ڈی ایم کا کہنا ہےکہ کوروناکی آڑ میں حکومتی پابندیاں قبول نہیں کی جائیں گی۔

خیال رہے کہ اس سے قبل مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ بھی حکومت کو جلسوں کے حوالے سے خبردار کرچکے ہیں اور ان کا کہنا تھا کہ اگر حکومت نے لاہور کا جلسہ روکا تو پورے لاہور میں جلسے ہوں گے۔