تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ خادم حسین رضوی کے اچانک انتقال کے بعد سوشل میڈیا پر ان کی ایک پرانی ویڈیو وائرل ہو رہی ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں خادم حسین رضوی اپنی موت کے حوالے سے بات کر رہے ہیں۔
خادم حسین رضوی نے کہا کہ 'ایک دن اعلان ہو گا کہ مولوی خادم مر گیا، تو دو ہی باتیں ہیں یا تو لوگ کہیں گے یہ اچھا بندہ تھا یا کہیں گے یہ برا بندہ تھا، درمیان میں تو کچھ نہیں ہو سکتا '۔
وائرل ہونے والی ویڈیو میں خادم حسین رضوی نے کہا کہ 'کسی کے بارے میں دو ہی باتیں ہیں یا تو وہ اچھا یا برا ہے، آپ کہہ دیں گے کہ ٹھیک تھا مگر بہت سخت تھا، بچو آج ہمارے ساتھ کھڑے ہو جاؤ، بعد میں میرے جیسا بھی نہیں ملے گا'۔
واضح رہے کہ خادم حسین رضوی کا تعلق ضلع اٹک سے تھا، وہ 22 جون 1966 کو پیدا ہوئے۔
خادم حسین رضوی نےجہلم ودینہ کے مدارس دینیہ سے حفظ و تجویدکی تعلیم حاصل کی اور جامعہ نظامیہ رضویہ لاہور سے درس نظامی کی تکمیل کی۔
خادم حسین رضوی نے گزشتہ دنوں فیض آباد میں ہونے والے ٹی ایل پی کے دھرنے کی بھی قیادت کی تھی اور اسی دوران انہیں بخار ہوا تھا۔
طبعیت بگڑنے پر خادم حسین رضوی کو شیخ زاید اسپتال لے جایا گیا جہاں ان کا انتقال ہوگیا تھا۔