برطانیہ کے سب سے بڑے فٹبال کلب”مانچسٹر یونائیٹڈ“ پر سائبر حملہ

لندن: برطانیہ کے مشہور فٹبال کلب مانچسٹر یونائیٹڈ  پر سائبر حملہ کیا گیا ہے۔ فٹبال کلب نے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ کلب ایسے حملوں کیلئے تیار تھا لیکن یہ جدید انداز میں کیا گیا حملہ ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق معروف برطانوی فٹبال کلب نے جمعے کے روز سائبر حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ایسے حملوں سے نمٹنے کیلیے تیار تھے اور کوشش کررہے ہیں کہ خرابی دور ہوجائے۔

ترجمان مانچسٹر یونائیٹڈ کلب نے کہا کہ ہیکروں کو فٹبال شائقین کا ڈیٹا ملا یا نہیں ہمیں نہیں معلوم لیکن ہفتے کو بروم فٹبال کلب کے خلاف کھیلا جانے والا میچ شیڈول کے مطابق ہوگا۔

اگرچہ یہ سائبر کرائم کے منظم گروہ کی جدید انداز میں کی گئی کارروائی ہے تاہم اس قسم کی کارروائی کے خلاف وسیع قواعد اور طریقہ کار موجود ہے اور کلب اس خطرے سے نمٹنے کی مشق کر چکا ہے۔

کلب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سائبر حملے کا پہلے سے اندازہ تھا اسی لیے سائبر دفاعی ٹیم نے آٹی سسٹم کو بند کردیا تھا تاکہ نقصان کو کم سے کم کیا جاسکے اسی لیے ہماری ویب سائٹ، ایپ اور میڈیا چینلز متاثر نہیں ہوئے۔