نواز اور شہباز شریف کی والدہ لندن میں انتقال کرگئیں

 

لندن:سابق وزیر اعظم نواز شریف اور سابق وزیر اعلی پنجاب اور صدر مسلم لیگ ن میاں شہباز شریف کی والدہ بیگم شمیم اختر لندن میں انتقال کر گئیں ان کی عمر 94سال کے قریب تھی۔

 شریف خاندان کے ذرائع کے مطابق بیگم شمیم اختر کا نماز جنازہ پہلے لندن میں ادا کیا جائے گا جس کے بعد ان کا جسد خاکی پاکستان لے جایا جائے گا۔

خاندانی ذرائع کے مطابق ان کی تدفین میاں شریف کی قبر کے ساتھ ہی جاتی امراء میں کی جائے گی۔ جبکہ شریف سٹی گراؤنڈ لاہور میں ان کی نماز جنازہ ادا کی جائے گی۔ مرحومہ کافی عرصہ سے علیل تھیں۔

مسلم لیگ ن کے رہنما عطا تاڑر کے مطابق شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو جیل میں اکٹھا کیا گیا اور اجازت کے بعد لندن میں ان دونوں کی میاں محمد نواز شریف سے ان کی ٹیلی فون کے ذریعے بات کروائی گئی۔اس دوران تو شہباز شریف آبدیدہ ہو گئے اور دونوں اس وقت کو یاد کرنے لگے جب ان کے والد فوت ہوئے تھے لیکن جلا وطنی کے باعث وہ پاکستان ان کی تدفین کے لیے نہیں آسکے تھے۔

بیگم شمیم کا جسد خاکی پاکستان لانے میں دو سے تین دن لگ سکتے ہیں۔ جبکہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی پرول پر رہائی کے لیے تقریبا چودہ سے پندرہ دن کی درخواست دی جائے گی تاکہ وہ نماز جنازہ اور تدفین کے انتظامات کر سکیں اور تعزیعت کے لیے آنے والوں سے ملاقات کر سکیں۔

عطا تارڑ نے بتایا کہ بیگم شمیم کی موت کی وجہ ابھی تک معلوم نہیں ہے تاہم وہ کچھ عرصے سے علیل تھیں۔ وفات کے وقت اتوار کی صبح وہ ایون فیلڈ اپارٹمنٹ میں تھیں۔

واضح رہے کہ نواز شریف کی والدہ شدید علالت کے باوجود فروری میں لندن روانہ ہوئی تھیں، ڈاکٹروں نے انہیں لمبے سفر سے منع کیا تھا لیکن انہوں نے اپنے بیٹے کے پاس جانے کا کہا۔15فروری 2020کو برطانیہ میں پاکستان مسلم لیگ (ن)کے قائد نواز شریف کی ہارٹ سرجری کے پیش نظر ان کی والدہ شمیم بی بی بیٹے سے ملاقات کے لیے لندن روانہ ہوئی تھیں۔ پاکستان سے لندن آنے کے کچھ عرصے بعد سے ان کی حالت بہتر نہیں تھی۔

دوسری جانب صدر، وزیراعظم عمران خان، آرمی چیف،وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان اسپیکر قومی اسمبلی، چیئرمین سینیٹ، سابق صدر آصف زرداری، بلاول بھٹو اور سینیٹر سراج الحق سمیت کئی دیگرسیاسی رہنماؤں وزراء نے سابق وزیر اعظم نوازشریف کی والدہ کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے اپنے بیان میں کہا کہ محمد نواز شریف اور محمد شہباز شریف کی والدہ ماجدہ کے انتقال پر بہت افسوس اور دکھ ہے۔ اللہ تعالیٰ مرحومہ کو اپنے جوار رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل دے۔