لاہور:پنجاب حکومت نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز شریف کو پیرول پر رہا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیر جیل خانہ جات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی پیرول پر رہائی کی درخواست ملتے ہی انہیں پے رول پر رہا کردیا جائے گا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر جیل خانہ جات پنجاب نے کہا کہ والدہ کا سایہ سر سے اٹھنے کا غم بہت بڑا ہوتا ہے، دکھ کی اس کی گھڑی میں لواحقین سے ہمدردی ہے۔
جیل میں قید شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو پے رول پر رہا کرنے کا فیصلہ کیا ہے، ان دونوں کو رہا کیا جائے گا تاکہ وہ مرحومہ کی نماز جنازہ میں شرکت کر سکیں۔
اس حوالے سے وزیر جیل خانہ جات نے کہا کہ جیسے ہی شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی پے رول پر ضمانت کی درخواست موصول ہو گی اسے فوراََ قبول کر کے انہیں رہا کر دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ سلمان شہباز نے کہا کہ بیگم شمیم اختر کے جنازے کو پاکستان لانے کے انتطامات شروع کر دیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی پیرول پر ضمانت کے لیے درخواست دیں گے، تاکہ وہ جنازے میں شرکت کر سکیں۔
مریم نواز کو بھی پشاور جلسے میں دادی کی وفات کی اطلاع دی گئی ہے۔ نواز شریف میت کے ساتھ وطن واپس آئیں گے یا نہیں اس کا فیصلہ ابھی نہیں کیا گیا ہے۔
دوسری جانب آئی جی جیل خانہ جات نے سپرنٹنڈنٹ اور ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ کو شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو بیگم شمیم اختر کی وفات کی خبر دینے کا حکم دیا ہے، اور افسران کو خود جیل جانے کی تلقین کی۔
اس موقع پر شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی ملاقات کروانے کا بھی حکم دیا گیا ہے۔