اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا کے عوام نے عمران خان کی اپیل پر پی ڈی ایم کے جلسے کا بائیکاٹ کر کے خود کو کورونا سے محفوظ رکھا۔
جلسے میں لوگوں کی کم دلچسپی اور شرکت عوام کا اپوزیشن پر عدم اعتماد کا واضح اظہار ہے،کورونا وباء ایک حقیقت ہے افسانہ نہیں،جلسے کے شرکاء خود کو قرنطینہ میں لے جائیں،اپنا اور دوسروں کا خیال کریں۔
اتوار کو وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے پی ڈی ایم کے جلسے پر ردعمل کا اظہارکرتے ہوئے کہاکہ خیبرپختونخوا کے غیور عوام کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، عوام نے جلسے کا بائیکاٹ کر کے ثابت کیا کہ وہ سیاسی بصیرت رکھنے والے باشعور لوگ ہیں۔
انہوں نے کہاکہ خیبر پختونخوا کے عوام نے عمران خان کی اپیل پر خود کو کورونا سے محفوظ رکھا،خیبر پختونخوا کے عوام نے پی ڈی ایم کے عوام دشمن ایجنڈے کو بھی کو ناکام بنا دیا۔
وفاقی وزیر نے کہاکہ جلسے میں لوگوں کی کم دلچسپی اور شرکت عوام کا اپوزیشن پر عدم اعتماد کا واضح اظہار ہے۔
انہوں نے کہاکہ کورونا وباء ایک حقیقت ہے افسانہ نہیں،عدالتی حکم کے باوجود ان کا جلسوں پر اصرار ان کی ڈھٹائی اور عوام دشمنی کا عکاس ہے۔
شبلی فراز نے کہاکہ اپوزیشن نے قانون کے احترام اور عوام کی صحت کی بجائے ہمیشہ اپنی ذات کو ترجیح دی۔ انہوں نے کہاکہ جلسے کے شرکاء سے کہتا ہوں کہ خود کو قرنطینہ میں لے جائیں،اپنا اور دوسروں کا خیال کریں۔