پشاور:وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے پشاور میں ہونے والے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے جلسے کو مکمل طور پر ایک فلاپ شو قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کی عدم شرکت کے باعث پی ڈی ایم کا جلسہ بری طرح ناکام ہوگیا.
پشاور کے باشعور عوام نے اس جلسے میں عدم شرکت کرکے پی ڈی ایم کے ملک مخالف بیانیے کو یکسر مسترد کردیا جس کے لئے وہ پشاور کے باشعور عوام کے تہہ دل سے مشکور ہیں۔
پی ڈی ایم کے جلسے سے متعلق اپنے رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ عوام نے اس جلسے میں شرکت نہ کرکے پی ڈی ایم قائدین کو صاف بتا دیا کہ وہ پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ ہیں کیونکہ وہ موجودہ حکومت کی کارکردگی سے پوری طرح مطمئن ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ صوبے کے با شعور عوام آئندہ بھی پی ڈی ایم کے ملک مخالف بیانیے کا ساتھ نہیں دیں گے، پی ڈی ایم والے صوبے کے جس کونے میں بھی جائیں گے انہیں مایوسی کے سوا کچھ نہیں ملے گا۔
کورونا کی موجودہ صورتحال میں پی ڈی ایم کی طرف سے عوامی جلسے کے انعقاد کی کوشش کو انتہائی غیر سنجیدہ اور ذمہ درانہ رویہ قرار دیتے ہوئے محمود خان نے کہا کہ پی ڈی ایم کے نام پر مسترد شدہ لوگوں کا یہ ٹولہ اپنی سیاست کی ڈوبتی کشتی کو سہارا دینے کے لئے لوگوں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈال رہا ہے جو انتہائی افسوسناک ہے۔
وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ ملک کو کئی عشروں سے باری باری لوٹنے والے ناکام سیاستدانوں کا یہ ٹولہ صرف اپنی کرپشن بچانے کے لئے اکھٹا ہو کر ملک میں انتشار پھیلانے کی کوشش کر رہا ہے لیکن انہیں معلوم ہونا چاہیے کہ وزیراعظم عمران خان انہیں کبھی این آر او نہیں دیں گے اور ان سے ملک کی لوٹی ہوئی دولت کی پائی پائی کا حساب لیں گے۔