لاہور: مسلم لیگ (ن) کے صدر و قائد حزب اختلاف شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی پیرول پر رہائی کی درخواست جمع کرا دی گئی۔
شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی پیرول پر رہائی کی درخواست ڈپٹی سیکرٹری جنرل مسلم لیگ (ن) عطا اللہ تارڑ نے جمع کرائی جس میں استدعا کی گئی ہے کہ شہباز شریف کو اپنی والدہ اور حمزہ شہباز کو اپنی دادی کی تجہیز و تدفین میں شرکت کے لیے پیرول پر فوری طور پر 2 ہفتوں کے لیے رہا کیا جائے۔
درخواست میں مزید کہا گیاہے کہ ماں کے دنیا سے رخصت ہو جانے سے بڑا اور صدمہ کوئی نہیں، پورے ملک سے لوگوں نے تعزیت کرنے آنا ہے لہٰذا 2 ہفتے کے لیے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو فوری طور پرپیرول پر رہا کیا جائے۔
خیال رہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد و سابق وزیراعظم نواز شریف اور شہباز شریف کی والدہ شمیم اختر گزشتہ روز لندن میں انتقال کر گئیں۔
مسلم لیگ (ن) کے صدر و قائد حزب اختلاف شہباز شریف اور حمزہ شہباز اس وقت جیل میں ہیں۔
سابق وزیر اعظم نواز شریف کی والدہ بیگم شمیم اختر کی نماز جنازہ شریف میڈیکل سٹی میں اداکی جائےگی جب کہ مرحومہ کی تدفین جاتی امرا میں میاں شریف کی قبر کے قریب مختص جگہ پر کی جائے گی۔