امید ہے جوبائیڈن عافیہ صدیقی کی رہائی ممکن بنائیں گے، بابر اعوان

 اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان کے مشیر بابراعوان نے کہاہے کہ امریکہ کے نومنتخب صدر جوبائیڈن سے امید ہے وہ عافیہ صدیقی کی رہائی اور واپسی ممکن بنائیں گے۔

وزیراعظم عمران خان کے مشیر بابراعوان سے عافیہ صدیقی کی بہن فوزیہ صدیقی نے ملاقات کی جس میں عافیہ صدیقی سے متعلق اب تک کی پیشرفت پربات چیت ہوئی۔

فوزیہ صدیقی سے ملاقات کے دوران بابر اعوان نے کہا کہ بیرون ملک پاکستانیوں کے مسائل کا حل پی ٹی آئی حکومت کی بڑی ترجیح ہے۔ حکومت مختلف ممالک میں قید پاکستانیوں کی واپسی کے لیے کوشاں ہے۔

بابر اعوان نے کہا کہ وزیراعظم کی ذاتی کوششوں سے سب تک 5ہزار پاکستانی قیدی واپس لائے گئے ہیں۔حکومت عافیہ صدیقی کی واپسی کے لیے بھی سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بالا میں وزارت خارجہ نے عافیہ کی رہائی کے لیے تازہ ترین کوششوں کا جائزہ رکھا ہے، انسانی ہمدردی اور خاتون ہونے کے ناطے یہ جائزہ رکھا گیا تھا۔

 انہوں نے کہاکہ عافیہ صدیقی کی گرفتاری کو17 سال ہوگئے ہیں، یہ دنیا میں نسوانی حقوق کی خلاف ورزی کا بڑا مقدمہ ہے۔