آکلینڈ:پاکستان کی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی نیوزی لینڈ پہنچنے کے بعد کووڈ۔19 پالیسی کے تحت گروپس میں تقسیم ہوگئے ہیں۔
کورونا ٹیسٹ ہونے کے بعد کھلاڑی 3روز آئسولیشن میں گزارنے کے بعد تقسیم کئے گئے 4گروپس میں اپنی ٹریننگ کا آغاز کرینگے۔
قومی اسکواڈ کے نیوزی لینڈ میں آج کورونا ٹیسٹ بھی کئے گئے، پاکستان ٹیم گزشتہ روز کرائسٹ چرچ پہنچی تھی، جہاں وہ 3 روزہ مکمل آئسولیشن میں گزارے گی۔
نیوزی لینڈ حکومت کی کووڈ۔19 پالیسی کے مطابق پاکستانی کرکٹرز کو مختلف گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔
ہر گروپ کا الگ ببل، گروپ کے موومنٹ اور ٹریننگ ہوگی اور وہ 14 ابتدائی دن ان ہی گروپ کی صورت میں رہیں گے۔
گروپ ون میں 9 کھلاڑی بیٹنگ کوچ یونس خان کی نگرانی میں ٹریننگ کریں گے۔
گروپ ٹو کی نگرانی جونیئر کوچ اعجاز احمد کریں گے، جس میں بیشتر کھلاڑی پاکستان شاہین کے شامل ہیں۔
گروپ تھری بولنگ کوچ وقار یونس کے ساتھ ہو گا جبکہ گروپ فور ہیڈ کوچ مصباح الحق کی نگرانی میں ٹریننگ کرے گا۔
پہلا کووڈ ٹیسٹ کلیئر کرنے والے کھلاڑی 3 دن کی آئسولیشن مکمل ہونے پر گروپس کے مطابق ٹریننگ کریں گے۔