لاہور: بادشاہی مسجد میں نکاح کے بندھن میں بندھنے والے فرحان سعید اور اداکارہ عروہ حسین کی علیحدگی کی خبروں نے سوشل میڈیا صارفین کو کشمکش میں مبتلا کررکھا ہے اور مقامی میڈیا اوردیگر ویب سائٹس کی جانب سے دونوں کی علیحدگی کے حوالے سے بھی خبریں سرگرم ہیں۔
گزشتہ روز شوبز انڈسٹری کی سب سے خوبصورت جوڑی عروہ حسین اور فرحان سعید کے درمیان یہ خبر وائرل ہوئی کہ دونوں نے علیحدگی اختیار کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے جبکہ اس کاباقاعدہ اعلان یا تصدیق کسی کی بھی جانب سے ابھی تک نہیں کی گئی۔
اگر ان خبروں کا جائزہ لیا جائے اور دونوں کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو دیکھا جائے تو ایسا لگتا ہے کہ جیسے یہ تمام افواہیں ہیں اور دونوں کے درمیان کوئی علیحدگی نہیں ہوئی۔کیونکہ عمومی طور پر ہوتا یہ آیا ہے کہ جب بھی کوئی معروف جوڑی کے درمیان تعلق ختم ہوتا ہے تو ان کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے اس چیز کا اندازہ اس صورت میں ہوجاتا ہے جب انہوں نے دونوں کی تصاویر اپنے اپنے اکاؤنٹس سے ڈیلیٹ کردی ہوں۔
اس کی تازہ ترین مثال حال ہی میں اداکارہ نمرہ خان کی ہے جنہوں نے اپنے شوہر سے علیحدگی سے قبل اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ سے تمام تصاویر ڈیلیٹ کردی تھی۔
عروہ حسین اور فرحان سعید کے انسٹاگرام اکاؤنٹس میں دونوں کی اکٹھی تصاویر ابھی تک موجود ہیں جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ دونوں کے درمیان ابھی تک اس تعلق کو ختم نہیں کیا گیا اور اگر ایسا کچھ ہے بھی کوئی اختلافات ہیں بھی تو ان کو سلجھانے کی کوشش کی جارہی ہے۔
علیحدگی کی خبریں وائرل ہونے پر دونوں کی جانب سے فی الحال خاموشی اختیار کی گئی ہے اور نہ تو ان خبروں کی تردید کی گئی ہے اور نہ ہی تصدیق کی گئی ہے۔