سال 2025ء میں نشر ہونے والے پاکستانی ڈرامے

سال 2024ء پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کیلئے شاندار رہا جس میں 'کبھی میں کبھی تم' جیسے ڈراموں نے پاکستان سمیت دنیا بھر میں ڈرامہ ناظرین کے دل جیت لیے۔

ان ڈراموں نے رواں سال پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی 'فین بیس' میں غیرمعمولی اضافہ کیا ہے جس کا اعتراف پڑوسی ملک بھارت سے تعلق رکھنے والے فنکار و عوام بھی کرتے نظر آئے۔

اب نئے سال کے آغاز کے ساتھ نئے ڈراموں کے سلسلے کا آغاز بھی ہونے جارہا ہے، شائقین بہت سے نئے ڈرامہ پراجیکٹس اپنی ٹی وی اسکرینز پر دیکھنے کے لیے پرجوش ہیں جن کا نئے سال کے آغاز سے قبل ہی اعلان کیا جا چکا ہے۔

آئیے اِس نئے سال میں ٹیلی ویژن پر نشر ہونے والے اِن ڈراموں کی کاسٹ اور کہانیوں پر نظر ڈالتے ہیں۔

ہم راز:

(فائل فوٹو: سوشل میڈیا)

'ہم راز' آنے والے سال کے موسٹ اویٹڈ پاکستانی ڈراموں میں سے ایک ہے، اس ڈرامے میں اداکارہ عائزہ خان اور فیروز خان پہلی بار ایک ساتھ مرکزی کردار نبھاتے نظر آئیں گے۔

ڈرامہ کی کاسٹ میں شامل دیگر اہم اداکاروں میں آمنہ الیاس اور زاہد احمد جیسے فنکار شامل ہیں۔

یہ ڈرامہ مصباح نوشین نے لکھا ہے اور اس کی ہدایت کاری عشق مرشد کے ڈائریکٹر فاروق رند نے کی ہے، 'ہم راز' ایک کرائم تھرلر ڈرامہ ہے جو جلد جیو ٹی وی پر نشر ہوگا۔

شیر:

(فائل فوٹو: سوشل میڈیا)

سال 2025 میں نشر ہونے والا ایک اور ڈرامہ 'شیر' ہے جس میں سارہ خان ایک عرصہ وقفہ کے بعد ڈرامہ انڈسٹری میں واپسی کررہی ہیں، اس ڈرامے میں وہ پہلی بار دانش تیمور کے ساتھ مرکزی کردار نبھاتی نظر آئیں گی۔

ڈرامہ کے نشر کیے جانے سے قبل ہی اس جوڑے کو مداحوں کیجانب سے خوب پیار مل رہا ہے جس اس جوڑی کو دیکھنے کیلئے بےصبری سے منتظر ہیں۔

یہ ڈرامہ زنجبیل عاصم شاہ نے لکھا ہے اور اس کی ہدایت کاری احسان طالش نے کی ہے، یہ جلد ہی اے آر وائی ڈیجیٹل پر نشر ہوگا۔

ڈائن:

(فائل فوٹو: سوشل میڈیا)

سال 2025 میں نشر ہونے والے پاکستانی ڈرامے 'ڈائن' میں اداکارہ مہوش حیات 6 سال بعد پاکستانی ڈراموں میں واپسی کر رہی ہیں۔

وہ جیو ٹی وی پر نشر ہونے والے اِس ڈرامے میں احسن خان اور حرا مانی کے ساتھ کردار نبھاتی نظر آئیں گی۔

یہ ڈرامہ جیو کے ایک اور مشہور ڈرامے 'تیرے بن' کے ڈائریکٹر سراج الحق نے ڈائریکٹ کیا ہے جبکہ دیگر تفصیلات ابھی سامنے نہیں آئیں۔

ڈرامہ کا نام فی الحال 'ڈائن' رکھا گیا ہے تاہم ٹی وی پر نشر کیے جانے سے قبل اس کا نام تبدیل کیے جانے کا امکان ہے۔

کیس نمبر 9:

(فائل فوٹو: سوشل میڈیا)

سال 2025 میں نشر ہونے والے ایک اور پاکستانی ڈرامے 'کیس نمبر 9' کی خاص بات یہ ہے کہ اسے جیو نیوز کے اینکر شاہ زیب خانزادہ نے لکھا ہے جس میں صبا قمر، جنید خان، فیصل قریشی، آمنہ شیخ اور گوہر رشید پر مشتمل ایک بڑی کاسٹ شامل ہے۔

اس ڈرامے کو جیو کے ایک اور مشہور ڈرامے 'خئی' کے ڈائریکٹر سید وجاہت حسین ڈائریکٹ کر رہے ہیں اور بہت سارے مداح اس کا بےصبری سے انتظار کر رہے ہیں۔

دل والی گلی

(فائل فوٹو: سوشل میڈیا)

ڈرامہ 'دل والی گلی' سال 2025 میں 'رمضان اسپیشل' پراجیکٹ ہے جس میں 'زرد پتوں کا بن' کے مرکزی اداکار حمزہ سہیل اور سجل علی ایک بار پھر مرکزی کردار نبھاتے نظر آئیں گے۔

اس شو کی ایک اور بات خاص یہ ہے کہ ڈرامہ 'کابلی پلاؤ' اور 'من جوگی' کے بعد کاشف نثار اور ظفر معراج کی جوڑی ایک بار پھر اس ڈرامے کے ساتھ واپس آرہی ہے جس کا شائقین بےصبری سے انتظار کر رہے ہیں۔

سانول یار پیا:

(فائل فوٹو: سوشل میڈیا)

جیو ٹی وی کے اس میگا پراجیکٹ میں اداکار فیروز خان، احمد علی اکبر اور درفشاں سلیم ایک ساتھ مرکزی کردار نبھاتے نظر آئیں گے۔

یہ ڈرامہ معروف رائٹر ہاشم ندیم نے لکھا ہے جبکہ ڈائریکٹر کے فرائض دانش نواز سرانجام دے رہے ہیں، ڈرامے کی کاسٹ کو دیکھتے ہوئے مداح بےصبری سے اسے نشر کیے جانے کے منتظر ہیں۔

میں منٹو نہیں ہوں:

(فائل فوٹو: سوشل میڈیا)

ڈرامہ 'میں منٹو نہیں ہوں' ایک اور میگا پراجیکٹ ہے جو اے آر وائی ڈیجیٹل پر نشر ہوگا۔

ہمایوں سعید، سجل علی، صائمہ نور، صنم سعید اور اذان سمیع خان پر مشتمل ملٹی کاسٹ اس ڈرامے کا حصہ ہے۔

یہ ڈرامہ گزشتہ کئی برسوں سے پروڈکشن کے مراحل میں ہے لیکن اب ٹیلیویژن پر نشر ہونے کیلئے تیار ہے۔

ڈرامے کے مصنف خلیل الرحمٰن قمر ہیں جبکہ ندیم بیگ نے اس ڈرامے کی ہدایت کاری کی ہے۔

دستک:

(فائل فوٹو: سوشل میڈیا)

سال 2025 میں نشر ہونے والا ایک اور پاکستانی ڈرامہ 'دستک' ہے جس کی شوٹنگ فی الحال جاری ہے۔

اس میں معروف ڈرامے ڈرامہ 'اقتدار' کے علی رضا کیساتھ اداکارہ سوہائے علی ابڑو پہلی بار مرکزی کردار نبھاتی نظر آئیں گی۔

یہ ڈرامہ اے آر وائی ڈیجیٹل پر نشر کیا جائے گا اور اس کی ہدایت کاری مرینہ خان نے کی ہے۔

نہ چھڑا سکو گے دامن

(فائل فوٹو: سوشل میڈیا)

سال 2025 میں نشر ہونے والا ایک اور ڈرامہ 'نہ چھڑا سکو گے دامن' ہے جس میں فرحان سعید اور کنزیٰ ہاشمی کی نئی جوڑی مرکزی کردار نبھاتی نظر آئے گی۔

رومانوی کہانی پر مبنی یہ ڈرامہ 'ہم ٹی وی' پر نشر ہوگا جسے رائٹر علی معین نے لکھا ہے اور اس کی ہدایات کاری اسد ملک نے کی ہے۔

رکشی سوئٹس:

(فائل فوٹو: سوشل میڈیا)

آئندہ برس ٹیلی ویژن پر نشر ہونے والا ڈرامے 'رکشی سوئٹس' میں بھی مداحوں کو سحر خان اور خوشحال خان کی نئی جوڑی مرکزی کردار نبھاتی نظر آئے گی۔

اس ڈرامے کی ہدایت کاری شاہد شفاعت کررہے ہیں جو ممکنہ طور پر 'گرین ٹی وی' پر نشر ہوگا۔