کرائسٹ چرچ: نیوزی لینڈ جانے والے قومی اسکواڈ میں شامل 6 کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔
نجی ٹی وی کے مطابق نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں موجود قومی کرکٹ ٹیم اور منیجمنٹ کا گزشتہ روز پہلا کورونا ٹیسٹ لیا گیا تھا، جس کے نتیجے آگئے ہیں۔ نتیجوں کے مطابق 6 کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔
کورونا مثبت والے کھلاڑیوں کے نام ظاہر نہیں کیے گئے۔ جن 6 کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے ہیں اس میں سے 4 کنفرم ہیں جب کہ 2 کا دوبارہ ٹیسٹ لیا جارہا ہے۔
نیوزی لینڈ کرکٹ کے مطابق مثبت آنے والوں میں 6 میں سے 2 ارکان پہلے بھی کورونا کا شکار ہوچکے ہیں، پاکستان اسکواڈ کے کورونا سے متاثرہ کھلاڑیوں نے خود کوقرنطینہ کرلیا۔
کرکٹ نیوزی لینڈ نے مزید کہا کہ نیوزی لینڈ کرکٹ کے لیے سب سے اہم عوام کا تحفظ ہے، قومی اسکواڈ میں شامل بعض افراد نے ایس او پیز کی خلاف ورزی کی، دورہ پر آئی پاکستانی کرکٹ ٹیم کی مینجمنٹ سے بات چیت جاری ہے، کورونا پروٹوکولز پر عمل درآمد یقینی بنانا لازمی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم 2 روز پہلے نیوزی لینڈ پہنچی تھی، نیوزی لینڈ میں کورونا ایس او پیز کے تحت سیریز سے قبل کھلاڑیوں کے 3 ٹیسٹ کئے جائیں گے۔