وینا ملک کے جلد دبئی سے وارنٹ گرفتاری جاری ہونگے، اسد خٹک

دبئی: وینا ملک کے سابق شوہر نے اپنی ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ بہت جلد ان کی سابق اہلیہ کے دبئی سے وارنٹ گرفتاری جاری ہونگے


وینا ملک اوران کے سابق شوہر اسد خٹک میں بچوں کی حوالگی کی جنگ جاری ہے۔

2 روز قبل وینا ملک کا کہنا تھا کہ انہوں نے سابق شوہر اسد خٹک کو 50 کروڑ روپے ہرجانے کا قانونی نوٹس بھجوایا ہے تاہم اس کے جواب میں اسد خٹک نے کہا ہے کہ انہیں کوئی نوٹس نہیں ملا اور وہ دبئی سے وینا ملک کی گرفتاری کے وارنٹ جاری کرائیں گے۔

وینا ملک کی جانب سے ہرجانہ نوٹس کے بیان کا جواب دیتے ہوئے اسد خٹک نے اپنی ٹوئٹ میں کہاکہ ’وینا ملک اس بار مہربانی کرکے میرے حقیقی ایڈریس پر ہی نوٹس بھیجنا، دھوکہ دہی، جھوٹ فریب آپ کا پرانا پیشہ ہے۔

اسد خٹک نے وینا ملک پر ٹوئٹر اکاؤنٹ ہیک کیے جانے کا الزام لگاتے ہوئے  کہا کہ ’زاہدہ بی بی عرف وینا ملک جو لوگوں کی پگڑیاں اچھالنے، غیراخلاقی گالم گلوچ دھمکیاں دینے اور غیر قانونی طور پر میرے بچوں کو اغوا اور ریاست پاکستان کی عزت کو پامال کرنے والی دن رات میرے سماجی اکاؤنٹس کو بلاک کرنے کی کوششیں کر رہی ہے، میری سچائی کوئی روک نہیں سکتا، میرے ساتھ اللہ ہے۔


اس سے قبل اسد خٹک کی جانب سے  وینا ملک کی  مبینہ آڈیو کال بھی سوشل میڈیا پر شیئرکی جاچکی  ہے جس میں اداکارہ دھمکیاں دے رہی ہیں۔

 گزشتہ دنوں وینا ملک کو ان کے سابق شوہر اسد خٹک بھی 50 کروڑ روپے ہرجانے کا نوٹس بھیج چکے ہیں۔

اسد خٹک نے ان پر دونوں بچوں کو غیر قانونی طریقے سے دبئی سے پاکستان منتقل کرنے کے الزام عائد کیا ہے۔

 خیال رہے کہ وینا ملک نے 2013 میں اسد خٹک سے شادی کی تھی اور ان کے دو بچے ہیں جب کہ انہوں نے 2018 میں اسد خٹک سے خلع لے لی تھی۔