آکلینڈ /کرائسٹ چرچ:نیوزی لینڈ کے دورے پر موجود قومی ٹیم کے 6اراکین کے کورونا کے ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد نیوزی لینڈ حکام نے پاکستان کو آخری وارننگ جاری کردی ہے۔
قومی ٹیم کا دورہ کھٹائی میں پڑ گیا‘ پاکستان کی ٹیم ٹی20 اور ٹیسٹ سیریز کھیلنے کے لیے چند دن قبل ہی نیوزی لینڈ پہنچی ہے جہاں سیریز سے قبل قومی ٹیم کو دو ہفتے قرنطینہ رہے گی۔
دورہ نیوزی لینڈ کے لیے پاکستانی دستہ کھلاڑیوں اور سپورٹ سٹاف سمیت 50 سے زائد اراکین پر مشتمل ہے۔نیوزی لینڈ پہنچنے پر پر پاکستانی ٹیم کے سکواڈ کے ٹیسٹ کیے گئے اور وہاں چھ اراکین کے ٹیسٹ مثبت آئے۔
ان اراکین کے ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد اب آئسولیشن میں قومی ٹیم کو ٹریننگ کیلئے دیا گیا استثنیٰ واپس لے لیا گیا ہے اور مزید تفتیش تک پاکستانی ٹیم کو ٹریننگ کی اجازت نہیں ہو گی۔کورونا وائرس سے پاک چند ممالک میں سے ایک نیوزی لینڈ نے قرنطینہ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والی پاکستانی ٹیم کو آخری وارننگ جاری کردی ہے اور کہا کہ وہ اس طرح کا رویہ ہرگز برداشت نہیں کریں گے۔
صحت کے ڈائریکٹر جنرل ایشلے بلوم فیلڈ نے کہا کہ نیوزی لینڈ آ کر کھیلنا اعزاز کی بات ہے تاہم اس کے بدلے ٹیموں کو کورونا وائرس کے سلسلے میں بنائے گئے قوانین کا احترام اور ان کی پاسداری کرنی چاہیے۔
نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے قومی ٹیم کے دستے اراکین کے ٹیسٹ مثبت آنے پر مایوسی کا اظہار کیا تھا۔بلوم فیلڈ نے کہا کہ سی سی ٹی وی سے ظاہر ہوتا ہے کہ دورہ کرنے والی ٹیم نے سماجی فاصلوں کے اصول کی خلاف ورزی کی۔