نیوزی لینڈ کی جانب سے کرکٹ سیریزمنسوخی کی دھمکی پر شعیب اختر برہم

لاہور: نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کی جانب سے پاک نیوزی لینڈ سیریز منسوخ کرنے کی دھمکی پر پاکستان کے سابق سپیڈ سٹار شعیب اختر بھڑک اٹھے،ان کہنا ہے کہ ہماری کرکٹ مر نہیں رہی اور نہ ہم پیسے کے پیچھے بھاگ رہے ہیں۔

شعیب اختر نے اپنے یوٹیوب چینل پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان کے کسی کلب کی نہیں قومی ٹیم نیوزی لینڈ گئی ہے، میزبان بورڈ دورہ منسوخ کرنے کی دھمکی کیسے دے سکتا ہے۔

  نیوزی لینڈ کرکٹ کو پیغام دینا چاہتا ہوں کہ ہماری کرکٹ مر نہیں رہی، ہم پیسے کے پیچھے نہیں بھاگ رہے، ہمیں آپ کی ضرورت نہیں۔

براڈ کاسٹنگ رائٹس کا پیسہ آپ کو ملے گا لہٰذا ہمارا احسان مند ہونا چاہیے کہ مشکل وقت میں بھی آپ کے ملک میں کرکٹ کھیلنے آرہے ہیں۔
 
سابق پیسر نے کہا کہ آپ دنیا کے ایک عظیم ملک پاکستان کی بات کررہے ہیں، اپنے رویے پر غور کرتے ہوئے اس طرح کے بیانات دینے سے گریز کریں۔ گرین شرٹس کو اب ٹی ٹوئنٹی سیریز میں میزبان ٹیم کو نشانے پر رکھ لینا چاہیے۔

انھوں نے کہا کہ پی سی بی کو بھی اس معاملے میں سخت موقف اختیار کرتے ہوئے کہنا چاہیے تھا کہ اگر آپ سیریز ختم کرنے کی بات کرتے ہیں تو ہم بھی اپنی ٹیم کو واپس بلالیتے ہیں۔

سابق اسپیڈ اسٹار نے انتظامی امور میں غفلت کی بھی نشاندہی کردی، انھوں نے کہا کہ قومی کرکٹرز کو انگلینڈ بھجوانے کے لیے چارٹرڈ طیارے کا انتظام کیا گیا تھا۔

 اس بار دبئی میں رکنے کے بعد کوالالمپور سے ہوتے ہوئے کھلاڑی آکلینڈ گئے۔ کیا پی سی بی کا دماغ کام نہیں کررہا تھا کہ چارٹرڈ طیارے کا انتظام کرایا جاتا۔
 
انھوں نے کہا کہ جہاز میں دیگر مسافر بھی موجود تھے مگر اس دوران بنائی جانے والی ویڈیو میں کئی کھلاڑیوں نے ماسک ناک سے نیچے کررکھے تھے،ان کو خطرے میں ڈالا گیا، اگر ویڈیو بنا ہی لی تھی تو سوشل میڈیا پرکیوں نشر کی گئی۔