لیجنڈ فٹبالر ڈیاگو میراڈونا کے آخری دیدار کے لیے مداحوں کا رش لگ گیا، لائن توڑ کر آگے بڑھنے والے مداحوں اور پولیس کے درمیان جھڑپ میں کئی افراد معمولی زخمی ہوگئے۔
بیونس آئرس میں اسٹار فٹبالر کو ایک نظر دیکھنے کے لیے قطار توڑ کر آگے بڑھنے کی کوشش پر پولیس اور مداحوں کے درمیان جھڑپ ہوئی۔
پولیس نے رکاوٹیں لگا کر لوگوں کے جمِ غفیر کو قابو کیا، جھڑپ میں کئی افراد کو معمولی نوعیت کے زخم آئے۔
ارجنٹائن کے فٹ بالر ڈیاگو میراڈونا کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے میرا ڈونا کی میت صدارتی محل میں رکھی گئی ہے۔
عالمی شہرت یافتہ لیجنڈری فٹبالر ڈیاگو میراڈونا گذشتہ روز 60 برس کی عمر میں انتقال کر گئے تھے۔
ارجنٹائن میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ڈیاگو میراڈونا کا انتقال حرکتِ قلب بند ہوجانے کے سبب ہوا جبکہ وہ اس دوران بیونس آئرس میں اپنے گھر میں ہی موجود تھے۔
لیجنڈ فٹبالر کی موت پر پاکستان سمیت دنیا بھر میں اُن کے مداح سوگ کی کیفیت میں ہیں۔
واضح رہے کہ ڈیاگو میراڈونا کو کچھ عرصہ قبل دماغ کی سرجری کے لیے اسپتال میں داخل کروایا گیا تھا۔
تاہم کامیاب سرجری کے باعث میراڈونا کو دو ہفتے قبل اسپتال سے ڈسچارج کردیا تھا۔
دوسری جانب دنیائے فٹبال کے لیجنڈ ارجنٹائن کے فٹ بالر ڈیاگو میراڈونا کی لاش کا پوسٹ مارٹم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ سرکاری وکیل کا کہنا ہے کہ پوسٹ مارٹم کا مقصد میرا ڈونا کی موت کا سبب جاننا ہے۔