سڈنی: آسٹریلیا نے بھارت کو دوسرے ون ڈے میچ میں 51 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 2-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔
تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 389 رنز بنائے اور بھارت کو جیت کے لیے 390 رنز کا ہدف دیا، بھارتی ٹیم 9 وکٹوں کے نقصان پر 338 رنز بناسکی۔
آسٹریلوی بیٹسمین اسٹیو اسمتھ کو64 گیندوں پر 104 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا، اسمتھ کی اننگز میں 14 چوکے اور 2 بلند و بالا چھکے شامل تھے۔
اس سے قبل اوپنر ڈیوڈ وارنر 83 رنز بنا کا رن ا?ؤٹ ہوئے، کپتان ایرون فنچ نے 60 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی، مارنوس لبوشانے 70 رنز بنا کر نمایاں رہے، گلین میکسویل نے ناقابل شکست 63 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی۔
بھارت کی جانب سے بمرا، محمد شامی اور پانڈیا ایک، ایک وکٹ حاصل کرسکے۔
بھارتی ٹیم 390 رنز کے تعاقب میں 338 رنز بناسکی، ویرات کوہلی کی 89 رنز کی اننگز بھی بھارت کو شکست سے نہ بچاسکی، کے ایل راہول 76 رنز بنا کر ایڈم زمپا کا نشانہ بنے۔
اوپنر اگروال 28 اور شیکھر دھون 30 رنز بنا کر چلتے بنے، پانڈیا نے 28 رنز کی اننگز کھیلی، رویندر جڈیجا 24 رنز بناسکے۔
آسٹریلوی فاسٹ بولر پیٹ کمنز نے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، ہیزل ووڈ اور ایڈم زمپا نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔