کراچی: معروف گلوکارہ مومنہ مستحسن اور بلال سعید کا نیا گانا ’باری 2‘ ریلیز ہوتے ہی مداحوں میں مقبول ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق معروف گلوکارہ مستحسن اور بلال سعید نے اپنے گانے باری کا دوسرا حصہ ’باری 2‘ (اُچیاں دیواراں) ریلیز کردیا جسے مداحوں کی جانب سے خوب سراہا جارہا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال نومبر میں دونوں گلوکاروں نے اپنا پہلا گانا ’باری‘ ریلیز کیا تھا، جس نے کامیابی کے ریکارڈ بنائے تھے۔
گزشتہ دنوں مومنہ مستحسن اور بلال سعید نے اعلان کیا تھا کہ وہ جلد ہی گانے کا ری میک بھی ریلیز کریں گے۔
باری 2 کو پہلے حصے سے آگے بڑھتے ہوئے دکھایا گیا ہے کہ مومنہ مستحسن غلط فہمی کی بنیاد پر ناراض ہوجاتی ہیں اور گانے کے آخر میں اس ناراضی کو ختم ہوتے بھی دکھایا گیا ہے۔
ریلیز ہوتے ہی ‘باری 2’ کو بہت زیادہ پسند کیا گیا اور صرف 2 گھنٹے میں اس گانے کو ایک لاکھ 97 ہزار سے زائد مرتبہ دیکھا جاچکا ہے۔
علاوہ ازیں سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ’باری 2‘ کا ہیش ٹیگ بھی دوسرے نمبر پر ٹرینڈ کررہا ہے۔
مومنہ مستحسن نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک پوسٹ شیئر کی جس میں انہوں نے بتایا تھا کہ ‘دراصل باری کی کہانی ایک ایسی نوجوان لڑکی کی کہانی ہے جو ٹوٹے ہوئے دل کے باوجود محبت کو ایک اور موقع دیتی ہے’۔
انہوں نے اپنی پوسٹ میں مزید لکھا تھا کہ ‘ٹوٹے دل سے محبت کو دوسرا موقع دینے والی لڑکی کی کہانی میں آگے کیا ہوا؟ اس سے متعلق جلد ہی مداح باری 2 میں دیکھیں گے’۔
دوسری جانب بلال سعید نے بھی انسٹاگرام پر ایک تصویر شیئر کی تھی جس کے کیپشن میں انہوں نے لکھا تھا کہ ‘باری 2 میں مومنہ کو دیکھ کر ہاتھ پر چائے گرے گی؟ ‘۔
خیال رہے کہ مومنہ اور بلال سعید کے گانے ‘باری’ کو یوٹیوب پر اب تک 8 کروڑ 92 لاکھ سے زائد بار دیکھا گیا ہے۔