نیوزی لینڈ میں موجود قومی کرکٹرز کی کورونا ٹیسٹنگ مکمل، سرفراز احمد اور محمد عباس بھی کلیئر

 

آکلینڈ:نیوزی لینڈ میں موجود قومی سکواڈ کی تیسری کورونا ٹیسٹنگ مکمل ہوگئی، ہسٹارک کیسز کے حامل سرفراز احمد اور محمد عباس کو کلیئر قرار دیدیا گیا۔

 ترجمان نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کے مطابق پاکستانی سکواڈ کی تیسری کوویڈ 19 ٹیسٹنگ مکمل کر لی گئی ہے اور 2 ہسٹارک کیسز کے حامل ارکان کو دوبارہ سکواڈ جوائن کرنیکی اجازت دے دی گئی ہے۔

 طبی طور پر ان دونوں ارکان کو نان انفکیشن قرار دیا گیا ہے، پہلے کوویڈ 19 ٹیسٹ میں 6 ارکان کے رزلٹ مثبت آئے تھے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ سابق کپتان سرفراز احمد اور فاسٹ باؤلر محمد عباس کو کلین چٹ مل گئی جس کے بعد دونوں نے قومی سکواڈ جوائن کرلیا۔

 پہلا کورونا وائرس مثبت آنے پر دونوں کھلاڑیوں کو قومی سکواڈ سے الگ کیا گیا تھا اور ان کو ہسٹارک کیسز قرار دیا گیا تھا۔

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ تیسرے کورونا ٹیسٹ کے بعد قومی کرکٹرز اور سپورٹنگ سٹاف کو ہوٹل سے متصل گراؤنڈ میں چہل قدمی اور ہلکی پھلکی ٹریننگ کی اجازت بھی دیدی گئی ہے۔

دوسری جانب پی سی بی نے امید ظاہر کی ہے کہ آج  قومی سکواڈ کو ٹریننگ کی اجازت مل جائیگی۔ 

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 3 ٹی ٹونٹی اور 2 ٹیسٹ میچز کھیلے جائیں گے۔