نومسلم برطانوی یوٹیوبر جے پلفری پاکستان کی محبت میں گرفتار

برطانیہ سے تعلق رکھنے والے نومسلم یوٹیوبر جے جورج ولیم پلفری المعروف جے پلفری پاکستان کے خوبصورت نظاروں اور مہمان نواز لوگوں کی محبت میں گرفتار ہوگئے۔

جے پلفری نے پاکستان میں سیاحت کو فروغ دینے کیلئے اپنے وی لاگ کا آغاز ہی لاہور کی بادشاہی مسجد کے نظاروں سے کیا اور کہا کہ ’پاکستان، آپ لوگوں نے اس کے بارے میں بہت کچھ ایسا ویسا سُنا ہوگا لیکن یقین مانیے وہ سب درست نہیں۔‘

انہوں نے کہا کہ ’پہاڑ، سمندر، دریاؤں، صحرا، ثقافت، تاریخ، مزیداروں کھانوں اور مہمان نواز لوگوں کی سرزمین پاکستان کا سفر میں اپنی زندگی میں کبھی فراموش نہیں کر سکوں گا۔‘

اپنے وی لاگز میں انہوں نے پاکستان کے شمالی علاقہ جات سمیت اُن تمام مقامات کی سیر کروائی جہاں وہ اب تک جاچکے ہیں۔

جے پلفری پاکستان کی لوک موسیقی کو بھی سراہنا نہ بھولے اور رباب کی دھن سے متاثر دکھائی دیے۔

غیر ملکی یوٹیوبر پاکستان کے اسٹریٹ فوڈ بالخصوص بریانی اور چائے سے بھی خوب لطف اندوز ہوئے۔

خیال رہے کہ رواں برس ستمبر میں جے پلفری نے دائرہ اسلام میں داخل ہونے کا فیصلہ کیا تھا۔

نو مسلم یوٹیوبر نے اپنے یوٹیوب چینل پر ’میں مسلمان ہوگیا‘ کے عنوان سے ایک ویڈیو شیئر کی جس میں اُن کا کہنا تھا کہ میں یہ کسی کے ساتھ شیئر کرنے کا ارادہ نہیں رکھتا تھا لیکن میرے دائرہ اسلام میں داخل ہونے کے سفر سے بہت سے لوگ بہت کچھ سیکھ سکتے ہیں۔

جے پلفری نے کہا کہ ’میرے لیے یہ ضروری ہے کہ میں اسلام کا پیغام سب کے سامنے لاؤں جو واحدانیت، محبت اور امن کا پیغام ہے۔‘