سینئر اداکار بہروز سبزواری بھی کورونا وائرس کے باعث ہسپتال منتقل 

کراچی:پاکستان شوبز انڈسٹری کے سینئر اداکار بہروز سبزواری بھی کورونا وائرس کے باعث ہسپتال منتقل ہو گئے۔

بہروز سبزواری کا گزشتہ دنوں کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا تھا اور ابھی وہ ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔

بہروز سبزواری کے بیٹے اور اداکار شہروز سبزواری کا کہنا ہے کہ ان کے والد کی حالت اب بہتر ہے اور وہ اس وقت ہسپتال میں ہیں کیونکہ اگر انہیں کسی بھی طبی سہولیات کی ضرورت پڑی تو ان کا یہاں رہنا بہتر ہے۔

شہروز سبزواری نے کہا کہ اگر آپ خود کو وائرس سے بچانا چاہتے ہیں تو ماسک پہنیں اور اگر آپ کو وائرس ہو جائے، اس کی علامات ظاہر ہوں تو علاج کرنے میں بالکل تاخیر نہ کریں۔

انہوں نے کہا کہ ہم اپنے والد کو اس وجہ سے ہسپتال لے کر گئے ہیں کیونکہ ان کی عمر 63 برس ہے، وہ ایک یا دو دن میں گھر آجائیں گے، ہمیں دعاؤں میں یاد رکھیے گا۔

خیال رہے کہ پاکستان شوبز انڈسٹری می متعدد شخصیات کورونا وائرس میں مبتلا ہو چکی ہیں جن میں اداکارہ روبینہ اشرف، گلوکار جواد احمد، عثمان مختار، ندا یاسر اور ماڈل علیزے گبول بھی شامل ہیں۔