نیوزی لینڈ، مزید 2پاکستانی کرکٹرز کا کورونا ٹیسٹ مثبت، مجموعی تعداد 10ہوگئی

آکلینڈ: نیوزی لینڈ میں موجود مزید 2پاکستانی کرکٹرز کے کورونا ٹیسٹ مثبت آگئے ہیں۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق نیوزی لینڈ میں موجود قومی اسکواڈ کے مزید دو ارکان کے کورونا ٹیسٹ مثبت آگئے جس کے بعد مجموعی تعداد 10 ہوگئی۔

نیوزی لینڈ وزارت صحت کا کہنا ہے کہ مثبت آنے والے دونوں رکن ہسٹوریکل ہونے پر نان انفیکشن ہیں۔

دوسری جانب پاکستان کرکٹ اسکواڈ کی نویں روز کی کووڈ 19 ٹیسٹنگ کرائسٹ چرچ میں مکمل ہوئی جس کے معمول کے مطابق نتائج کا اعلان کل کیا جائے گا۔

یہ پاکستان کرکٹ اسکواڈ کی چوتھی کووڈ 19 ٹیسٹنگ ہے اور یہ ٹیسٹنگ تین مرتبہ منفی رزلٹ آنے والے ارکان کی گئی، رپورٹ منفی آنے پر ٹریننگ کی اجازت ملنے کا امکان ہے۔

پی سی بی کی درخواست پر شاہین کا نیوزی لینڈ اے سے پہلا پریکٹس میچ بھی منسوخ کردیا گیا ہے، رپورٹ کے مطابق قومی دستہ 8 دسمبر کو ہیلتھ منسٹری کی کلیئرنس کے بعد کوئنز ٹاؤن روانہ ہوگا۔

پاکستان ٹیم مینجمنٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیم منیجمنٹ کو قوی امکان ہے کہ کل سے ٹریننگ کی اجازت مل جائے گی جس کا کھلاڑی شدت سے انتظار کر رہے ہیں، کھلاڑیوں کے ٹریننگ شروع کرنے سے ان کی ذہنی پریشانیاں کم ہوں گی اور وہ خود کو ریلیکس محسوس کریں گے۔

ٹیم مینجمنٹ ذرائع کے مطابق کھلاڑیوں کی ٹریننگ کے حوالے اپنی منصوبہ بندی بھی کر لی گئی ہے اور شیڈول بھی ترتیب دے دیا ہے۔