اسلام آباد:وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فرازنے کہا ہے کہ فلمی صنعت کی ترقی و بحالی پاکستان تحریک انصاف حکومت کی ترجیح ہے۔
،دیگر اداروں کی طرح اس شعبے کو بھی نئے دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہونا ہو گا،جو ادارے خود کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ نہیں کرتے وہ اہمیت کھو دیتے ہیں۔
ہمیں فلموں کے ذریعے اپنے قومی ورثے اور ثقافت کے تحفظ کے ساتھ ساتھ دنیا بھر میں پاکستان کا مثبت تشخص روشناس کرانا ہے۔جمعر
ات کووفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فرازسے پاکستان فلم پروڈیوسرز ایسوسی ایشن کے وفد نے ملاقات کی،چیئرمین پاکستان فلم پروڈیوسر ایسوسی ایشن میاں امجد فرزندکی سربراہی میں ملاقات کرنے والے وفد میں چوہدری اعجاز کامران‘ عالیہ رشید‘ راؤ شہزاد‘ رانا نعیم بھی شامل تھے۔
ملاقات میں ایڈیشنل سیکرٹری اطلاعات شاہیرہ شاہد اور وزارت کے دیگر حکام بھی موجود تھے۔
وفد نے وزیر اطلاعات کو فلمی صنعت کو درپیش مسائل سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا اور کہا کہ فلم سازی کو بہتر بنانا چاہتے ہیں اس ضمن میں حکومت کا تعاون درکار ہے۔
وزیر اطلاعات سنیٹر شبلی فراز نے کہا کہ فلمی صنعت کی ترقی و بحالی پاکستان تحریک انصاف حکومت کی ترجیح ہے،دیگر اداروں کی طرح اس شعبے کو بھی نئے دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہونا ہو گا،جو ادارے خود کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ نہیں کرتے وہ اہمیت کھو دیتے ہیں‘ فلمی صنعت کے فروغ کے لئے ساز گار ماحول کی فراہمی کے لئے پرعزم ہیں۔
وزارت اطلاعات کے شعبہ فلم کو مزید فعال اور موثر بنا رہے ہیں،وزیراعظم عمران خان کا ویژن ہے کہ فلموں کے ذریعہ اپنی ثقافت اور اقدار کو اجاگر کیا جائے‘فلمیں صرف تفریج نہیں بلکہ معاشرتی اصلاح اور تربیت کا باعث بنتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں فلموں کے ذریعے اپنے قومی ورثے اور ثقافت کے تحفظ کے ساتھ ساتھ دنیا بھر میں پاکستان کا مثبت تشخص روشناس کرانا ہے‘ اس ضمن میں حکومت فلمی صنعت کو ہر ممکن سہولیات دینے کے لئے تیار ہے۔
آئندہ نسلوں کواپنی تاریخ اور مشاہیر سے متعارف کرانا ہے‘فلمسازی کے مراحل میں شامل سکرپٹ رائٹرز‘ موسیقاروں سمیت تمام ہنر مندوں کو انکے کام کا مناسب معاوضہ ملنا چاہیے،فلمی صنعت سے وابستہ مسائل کے حل کے لئے تمام ممکنہ اقدامات اٹھائیں گے‘ ایران او رترکی کے ساتھ فلم کے شعبے میں تعاون پر بات کرینگے۔