لندن: بھارتی فلموں کے معروف کامیڈی اداکار جونی لیور نے کئی عرصے بعد بالی ووڈ میں واپسی کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ کام سے بریک لے کر انسانیت کی خدمت کرنے اور خدا کا شکر کرنے نکل گئے تھے۔
جونی لیور کا شمار بھارتی فلموں کے صف اول کے مزاحیہ اداکاروں میں ہوتا ہے۔ انہوں نے ’’بازیگر‘‘، ’’عشق‘‘، ’’کچھ کچھ ہوتا ہے‘‘ سمیت سینکڑوں فلموں میں جاندار اداکاری کرکے لوگوں کے دل جیتے ہیں۔ تاہم وہ گزشتہ کافی برسوں سے فلموں میں نظر نہیں آرہے تھے۔
لیکن اب انہوں نے بالی ووڈ ہدایت کار ڈیوڈ دھون کی فلم ’’کولی نمبر 1‘‘ کے ری میک کے ذریعے دوبارہ فلموں میں واپسی کی ہے۔
حال ہی میں جونی لیور نے بی بی سی ایشین نیٹ ورک کو انٹرویو دیتے ہوئے فلموں سے دوری کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ جب وہ فلموں میں کام کررہے تھے تو ان کے پاس فلاحی کام کرنے کے لیے بالکل بھی وقت نہیں تھا لہذا انہوں نے فلموں سے بریک لیا اور فلاحی کام کرنے لگے۔
جونی لیور نے بتایا کہ وہ ایک مزدور تھے اور ہندوستان لیور میں کام کرتے تھے لیکن خدا نے انہیں کامیابی اور بہت پیسے سے نوازا جس کے متعلق انہوں نے کبھی سوچا بھی نہیں تھا اسلیے وہ خدا کا شکر کرنے کے لیے انسانیت کی خدمت کرنے نکل کھڑے ہوئے۔
جونی لیور نے مزید کہا یہ آپ کا فرض بنتا ہے کہ جن لوگوں نے آپ کو کامیاب بنایا اسٹار بنایا تو آپ بدلے میں ان کے لیے کچھ کریں۔
ایک ایک آرٹسٹ کے گھر جانا ان کی تکلیفوں کے بارے میں سننا۔ وہ تمام آرٹسٹ جو کسی زمانے میں اسٹارز تھے لیکن اب انہوں نے برسوں سے کیمرہ نہیں دیکھا ان تمام آرٹسٹوں کی پرابلمز کو جاننے میں مجھے بہت سکون ملا اوران سے مل کر بہت خوشی ہوئی۔
جونی لیور بہت عرصے بعد فلموں میں واپسی کررہے ہیں اس حوالے سے انہوں نے بتایا کہ پہلے اتنا ٹیکنیکل کام نہیں ہوتا تھا جتنا آج ہوتا ہے لیکن پہلے کے لوگ محنت کرتے تھے اور ان کا کام دل کو چھو جاتا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ اپنے کام سے بے حد محبت کرتے ہیں اور ہر وقت کچھ نہ کچھ نیا سیکھنے کی کوشش کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ جونی لیور نے 300 سے زائد بالی ووڈ فلموں میں کام کیا ہے اس کے علاوہ وہ ایک پاکستانی فلم ’’لو میں گم‘‘ میں بھی کام کرچکے ہیں۔