پشاور، ہسپتال میں آکسیجن نہ ملنے پر کورونا کے 8 مریض دم توڑ گئے

 پشاور:خیبر پختونخوا کے دارالخلافہ پشاور کے خیبر ٹیچنگ ہسپتال میں آکسیجن سلنڈر بروقت نہ پہنچنے کے باعث کورونا وائرس کے 8 مریض جاں بحق ہو گئے۔

خیبر ٹیچنگ ہسپتال کے حکام کے مطابق واقعہ گزشتہ شب پیش آیا، جس میں آکسیجن کی مسلسل فراہمی نہ ملنے سے مریض دم توڑ گئے۔

ہسپتال کے حکام نے یہ بھی بتایا ہے کہ آکسیجن سلنڈر بر وقت نہ پہنچنے سے دیگر وارڈز کے مریض بھی متاثر ہوئے۔

دوسری جانب خیبر ٹیچنگ ہسپتال کے ترجمان کا موقف ہے کو ہسپتال کو راولپنڈی سے آکسیجن سلنڈر فراہم کئے جاتے ہیں، راولپنڈی سے آکسیجن کے سلنڈر بروقت نہیں پہنچے۔

 ترجمان خیبر ٹیچنگ ہسپتال کا مزید کہنا ہے کہ سردی کے سبب مریضوں کو آکسیجن کی ضرورت زیادہ رہتی ہے۔

 ترجمان کا یہ بھی کہنا ہے کہ آکسیجن سلنڈر کی پہنچنے میں تاخیر پر معلومات بھی لی جا رہی ہیں۔

 دوسری جانب وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے واقعہ کا نو ٹس لیتے ہوئے انکوائری کی ہدایت کر دی ہے جبکہ وزیر صحت خیبر پختونخوا تیمور جھگڑا  کا کہنا ہے کہ  خیبر ٹیچنگ ہسپتال میں گزشتہ رات آکسیجن سپلائی کم ہونے کی وجہ سے واقعہ پیش آیا، بی او جی کو فوری انکوائری کرنے کی ہدایت کی ہے، اور فوری تحقیقات کرکے 48 گھنٹوں میں ایکشن لینے کا حکم دے دیا ہے۔