بھارت میں کرپشن بے نقاب کرنے پر صحافی کو گھر میں زندہ جلا دیا گیا 

نئی دہلی:بھارت میں کرپشن بے نقاب کرنے پر صحافی کو اس کے گھر میں زندہ جلا دیا گیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ 27 نومبر کو بھارتی ریاست اترپردیش میں پیش آیا جب مقامی انتظامیہ کی کرپشن کے بارے میں لکھنے کے جرم میں 3 افراد صحافی راکیش سنگھ کے گھر میں داخل ہوئے اور ہینڈ سینیٹائزر چھڑک کر گھر کو آگ لگا دی۔

رپورٹ کے مطابق راکیش سنگھ کو شدید زخمی حالت میں ہسپتال پہنچایا گیا جہاں وہ دم توڑ گیا، پولیس نے قتل کے الزامات پر تین افراد کو گرفتار کر لیا۔

پولیس نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ وہ اس بارے میں تفتیش کر رہے ہیں کہ صحافی کے قتل کے پیچھے کیا محرکات تھے۔

دوسری جانب رپورٹرز ود آوٹ بارڈر کی جانب سے بھارت میں صحافیوں کے تحفظ پر خدشات کا اظہار کیا گیا ہے۔

تنظیم نے صحافی کی ابتدائی شکایت پر پولیس کی جانب سے کوئی کارروائی نہ کرنے پر تنقید کرتے ہوئے یہ مطالبہ کیا کہ اس واقعے میں ملوث افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔