ماسکو : روس میں ایک ریٹائرمنٹ ہوم میں آتشزدگی کے نتیجے میں خواتین سمیت 11 افراد جاں بحق ہوگئے واقعے میں3 افراد زخمی ہوئے جنہیں ہسپتال روانہ کردیا گیا۔
روس کے علاقے باشکوٹوستان میں قائم ایک ریٹائرمنٹ ہوم میں آتشزدگی سے کم از کم 11 افراد جل کر ہلاک ہوگئے، ہلاک ہونے والوں میں میں سات مرد اور چار خواتین شامل ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق نجی ریٹائرمنٹ ہوم کی اس لکڑی کی ایک منزلہ عمارت میں آگ صبح سویرے لگی فوری طور پر یہ واضح نہیں ہوسکا کہ آگ کس وجہ سے لگی عمارت میں کل 16 افراد رہائش پذیر تھے۔
عمارت لکڑی کی ہونے کے باعث آگ نے جلدی شدت اختیار کی اور مکینوں کو نکلنے کا موقع نہ مل سکا اور وہ شعلوں کی زد میں آکر جل کر ہلاک ہوگئے۔
ریسکیو اہلکاروں کے مطابق آگ لگنے سے ہلاک ہونے والے افراد کی عمریں 57 سے 80 سال کے درمیان تھیں جو ریٹائرمنٹ ہوم میں اپنی زندگی کا آخری حصہ گزار رہے تھے۔
مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت آگ بجھانے کی کوشش کی لیکن آگ کی شدت بہت زیادہ تھی جس کی وجہ سے آگ بجھانے میں کافی وقت لگ گیا اور پورا ریٹائرمنٹ ہوم جل کر راکھ ہوگیا۔
روسی میڈیا کے مطابق واقعے کی مجرمانہ تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے اور پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مرکز کے سربراہ کو حراست میں لیا ہے۔ مزید تفتیش جاری ہے۔