امریکا پر نائن الیون طرز کے ایک اور حملے کی منصوبہ بندی کا انکشاف ہوا ہے
گزشتہ سال فلپائن سے گرفتار کیے جانے والے کینیا کے شہری کی جانب سے نائن الیون طرز کے حملوں کی منصوبہ بندی کا انکشاف ہوا ہے۔
عرب خبر رساں ادارے کے مطابق کینیا کی فیڈرل اتھارٹی نے ملزم کے خلاف عائد فرد جرم کی تفصیلات جاری کی ہیں جس میں انکشاف کیا گیا ہےکہ کینیا کے ایک 30 سالہ شہری کو گزشتہ سال فلپائن سے گرفتار کیا گیا تھا جس کے متعلق انکشاف ہوا ہے کہ وہ امریکا میں ہونے والے نائن الیون طرز کےحملوں کی منصوبہ بندی کررہا تھا۔
میڈیا رپورٹس کےمطابق ملزم کو منگل کے روز امریکا کی تحویل میں دیا گیا ہے جس پر الزام ہے کہ اس نے طیارہ ہائی جیک کرکے اسے بلڈنگ سے ٹکرانے کی سازش کی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ملزم کو بدھ کے روز نیویارک کی عدالت میں پیش کیا گیا جہاں پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ ملزم نے فلپائن میں جہاز اڑانے کی تربیت حاصل کی اور حملے کے لیے باقاعدہ پائلٹ کا لائسنس حاصل کیا۔
پراسیکیوٹر نے کہا کہ یہ کیس جس میں جہاز کے استعمال کے ذریعے بے گناہ لوگوں کو قتل کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہمیں امریکا میں ہونے والی دہشتگردی حملے کی یاد دلاتا ہے۔
پراسکیوٹر نے بتایا کہ ملزم نے 2016 میں الشباب کے اس کمانڈر کی نگرانی میں منصوبہ بندی شروع کی جو کینیا کے شہر نیروبی میں 2019 میں ہوٹل پر حملے میں ملوث تھا۔
واضح رہے کہ امریکا صومالیہ کی تنظیم الشباب کو عالمی دہشتگردوں کے گروپ میں شامل کرچکا ہے۔