پیرس:فرانسیسی عدالت نے متنازع فرانسیسی میگزین چارلی ہیبڈو کے دفتر پر 5 سال قبل ہونے والے حملے کے الزام میں 14 افراد کو سزا سنادی۔
خیال رہے کہ میگزین کی جانب سے شائع کیے گئے توہین آمیز خاکوں کے ردعمل 7 جنوری 2015 کو میگزین کے دفتر پر حملہ کیا گیا تھا جس میں مدیر اور کارٹونسٹ سمیت 12 افراد ہلاک ہوگئے تھے جب کہ حملہ آور دونوں بھائی بھی پولیس مقابلے میں مارے گئے تھے بعد ازاں ایسے ایک اور حملے میں مزید 5 افراد مارے گئے تھے۔
رپورٹ کے مطابق 11افراد زیر حراست ہیں جب کہ تین کی غیر موجودگی میں ان کے خلاف یہ مقدمہ چلایا گیاجن کے متعلق شک ہے کہ وہ شام فرار ہوچکے ہیں۔
ان سب افراد پر میگزین کے دفتر اور دیگر حملوں میں معاونت کا الزام تھا۔عدالت کے 5 ججز پر مشتمل بینچ نے حملوں کی معاونت کرنے والے مرکزی ملزم علی رضا اور ایک مقتول کی بیوہ جو کہ مبینہ طور پر شام میں موجود ہے کو 30،30 سال قید کی سزائیں سنائیں، جب کہ دیگر کو بھی مختلف میعاد کی سزائیں سنائی گئی ہیں۔
عدالت کی جانب سے عدم ثبوتوں کی بنیاد پر اس اقدام کو دہشت گردی کا واقعہ قرار نہیں دیا گیا۔
خیال رہے کہ متنازع فرانسیسی میگزین چارلی ہیبڈو نے رواں سال اکتوبر میں ایک بار پھر شان رسالتﷺ میں گستاخی کرتے ہوئے توہین آمیزخاکے شائع کردیے تھے جس کے بعد فرانس میں ایک بار پھر متعدد حملے کیے گئے تھے اور دنیا بھر میں احتجاج بھی کیاگیا تھا۔