کابل، ممبر اسمبلی کی گاڑی پر حملہ 9افراد ہلاک، حاجی خان محمد محفوظ رہے 

کابل: افغانستان کے دارالحکومت کابل میں ممبر اسمبلی حاجی خان محمد وردک کی گاڑی پر حملہ کے نتیجے میں کم سے کم9 افراد  ہلاک اور متعدد  زخمی  ہو گئے۔

 افغان میڈیا کے مطابق حاجی خان محمد حملے میں محفوظ رہے ہیں۔ دھماکہ افغانستان کے دار الحکومت کابل کے فیز 5 میں ہوا جس سے متعدد افراد زخمی بھی ہوئے۔ 

افغانستان کے شہر جلال آباد میں بھی افغان پولیس کی گاڑی کو سڑک کنارے نصب بم سے نشانہ بنایا گیا ہے۔

 ننگرہار کے گورنر کے ترجمان عطا اللہ خوگیانی نے بتایا کہ پولیس کی گاڑی میں سوار میں کم از کم ایک پولیس اہلکار ہلاک اور دو زخمی ہوگئے۔

 دونوں واقعات کی ذمہ داری فی الحال کسی نے قبول نہیں کی۔ یہ دھماکے ایسے وقت پر ہوئے ہیں جبکہ قیام امن کیلئے تشدد میں کمی پر زور دیا جا رہا ہے۔

 افغانستان میں قیام امن کیلئے سرگرم تمام قوتیں فریقین پر دبا ؤڈال رہی ہیں کہ پرتشدد کارروائیوں میں کمی آنی چاہیے۔

 تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ حالیہ دھماکوں اور سیاسی قیادت کو نشانہ سے امن مذاکرات متاثر ہو سکتے ہیں۔