نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ کیلئے قومی سکواڈ کا اعلان،بابر اور امام انجری کے باعث باہر

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم اور اوپنر امام الحق انگوٹھے کی انجری کے باعث نیوزی لینڈ کے خلاف 26 دسمبر سے شروع ہونے والے پہلے ٹیسٹ میچ سے باہر ہوگئے ہیں۔ عمران بٹ کو پہلی مرتبہ قومی ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔
 

نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے لیے 17 رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم اور اوپنر امام الحق انگوٹھے کی انجری کے باعث پہلے ٹیسٹ کے لیے دستیاب نہیں ہیں، بابراعظم کی عدم دستیابی کے باعث اسکواڈ کے  نائب کپتان محمد رضوان ہفتے سے شروع ہونے والے ٹیسٹ میچ میں قومی کرکٹ ٹیم کی قیادت کریں گے۔ وہ کرکٹ کے سب سے اہم فارمیٹ میں پاکستان کی قیادت کرنے والے 33ویں کپتان ہوں گے۔

ٹور سلیکشن کمیٹی نے اوپنر عمران بٹ کو 17 رکنی قومی ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل کرلیا ہے۔عمران بٹ کو پہلی مرتبہ قومی ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔

نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے اعلان کردہ قومی اسکواڈ میں ‏محمد رضوان (پہلے ٹیسٹ میچ کے لیے کپتان)، سرفراز احمد، شاداب خان، عابد علی، اظہرعلی، شان مسعود، فواد عالم، سہیل خان، یاسر شاہ، محمد عباس، عمران بٹ، حارث سہیل، نسیم شاہ، شاہین شاہ آفریدی اور فہیم اشرف شامل ہیں۔

بابراعظم پہلے ہی انجری کی وجہ سے ون ڈے سیریز کا حصہ نہیں ہیں اور بائیں ہاتھ کے اوپنر امام الحق کے بائیں ہاتھ کا انگوٹھا فریکچر ہے، وہ بھی پہلے ٹیسٹ کے لیے دستیاب نہیں ہیں، دونوں کرکٹرز نے تاحال کرکٹ ٹریننگ شروع نہیں کی ہے۔