لاہور:پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی کرکٹ سکواڈ کے اراکین کو اندرون ملک اور بیرون ملک فیملیز ساتھ رکھنے کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی اس حوالے سے دوسرے میزبان بورڈز سے بات چیت بھی کرے گا جبکہ ہوم سیریز میں بھی فیملیز کو ساتھ رکھنے کی اجازت ہو گی۔
جنوبی افریقہ کے خلاف ہوم سیریز سے سکواڈ کے اراکین فیملیز کو ساتھ رکھ سکیں گے۔
پی سی بی ذرائع کے مطابق پی سی بی مشکل حالات میں کھلاڑیوں کیلئے آسانیاں پیدا کرنا چاہتا ہے، ٹیم مینجمنٹ کے ذریعے کھلاڑیوں کو اس حوالے سے پیغام پہنچا دیا گیا ہے۔
نیوزی لینڈ میں سکواڈ کو قرنطینہ کی وجہ سے ذہنی کوفت کا سامنا کرنا پڑا۔
ذرائع کے مطابق سکواڈ کو ذہنی طور پر پر سکون رکھنے کے لئے اجازت دینے کا فیصلہ کیا گیا۔
پاکستان ٹیم نے آئندہ برس ساؤتھ افریقہ، زمبابوے، انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کا دورہ کرنا ہے جبکہ پاکستان ٹیم نے متعدد ہوم سیریز بھی کھیلنا ہیں‘ کرکٹرز کو اہل خانہ ساتھ رکھنے کے لئے تمام کوویڈ پروٹوکولز مکمل کرنا ہوں گے۔