نو منتخب امریکی صدر جوبائیڈن نے بھی کوروناکی ویکسین لگوالی

واشنگٹن:  امریکا کے نو منتخب صدر جوبائیڈن نے بھی کورونا کی ویکسین لگوالی، جوبائیڈن کو ڈیلاویئر کے کرسٹیاناہسپتال میں ویکسین لگائی گئی۔

 بائیڈن کو ویکسین لگانے کا منظر امریکی میڈیاپربراہ راست نشر کیا گیا۔

اس موقع پر نو منتخب صدربائیڈن نے کہا کہ ویکسین کی پہلی خوراک لے لی دوسری کا منتظر ہوں، جوبائیڈن نے کورونا کیخلاف نبردآزما فرنٹ لائن ورکررز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے بتایا کہ کووڈ سے بچاؤ کی ویکسین سب سے پہلے فرنٹ لائن ورکرز کو لگائی جارہی ہے۔

نومنتخب صدر نے قوم کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ عوام کسی خوف کے بغیر اپنی باری پرکورونا ویکسین لگائیں، عوام سائنس پر توجہ دیں، غیر ضروری سفرسے پرہیز کریں۔

اس سے قبل اٹھارہ دسمبر کو امریکا کے نائب صدر مائک پنس نے کیمرے کے سامنے عالمی وبا قرار دیے جانے والے کووڈ-19 سے بچاؤ کی تیارکردہ ویکسین کی پہلی خوراک لی تھی۔

 کورونا ویکسین کی خوراک لینے کے بعد نائب صدر نے بتایا کہ انہیں کچھ بھی محسوس نہیں ہوا اورسب کچھ بہت اچھا ہوا۔

امریکہ کے نائب صدرمائک پنس اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ وہ دن دور نہیں ہے کہ جب کورونا وائرس قصہ پارینہ بن جائے گا۔