لندن میں پاکستان کیخلاف زہر اگلنے  پر بھارتی ٹی وی کو20 ہزار پا ؤنڈ جرمانہ 

لندن:برطانیہ میں پاکستانیوں کے خلاف نفرت پھیلانے پر بھارتی ٹی وی چینل کو 20 ہزار پا ؤنڈ جرمانہ کیا گیا ہے جبکہ یہ جرمانہ برطانیہ میں ٹی وی چینلوں اور ریڈیو کے نگران ادارے آف کام کی جانب سے عائد کیا گیا ہے۔

 رپورٹ کے مطابق بھارتی چینل ری پبلک ٹی وی میں میزبان ارنب گوسوامی کے ایک پروگرام میں پاکستانیوں کو چور، بھکاری اور دیگر برے القابات سے پکارا گیا تھا۔

آف کام کا کہنا ہے کہ پروگرام کے دوران پاکستانیوں کے خلاف جذبات کو ابھارا گیا۔ ایسے پروگرام پاکستانیوں کی جان کے لیے خطرے کا باعث بن سکتے ہیں۔

 برطانوی ادارے کا کہنا ہے کہ ارنب گوسوامی نے اپنے پروگرام میں صحافتی اقدار کی دھجیاں بکھیریں۔ایسے پروگرام پاکستانی اور بھارتی برادریوں کے تعلقات میں رخنہ ڈال سکتے ہیں۔

دوسری جانب جرمانے کی سزا کے بعد بھارتی ٹی وی چینل نے آف کام کو یقین دہانی کرائی ہے کہ برطانیہ میں آئندہ ایسا پروگرام نشر نہیں ہوگا جو کہ مقامی قوانین سے مطابقت نہ رکھتا ہو۔