انٹارکٹیکا :کورونا وباء براعظم انٹارکٹیکا تک پہنچ گئی ہے جہاں چلی کے تحقیقاتی سنٹرمیں 26 فوجی اہلکاروں سمیت 36 افراد میں وائرس کی تصدیق کی گئی ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق کورونا وائرس انتہائی تیزی سے دنیا بھر میں پھیل رہا ہے، بالخصوص کورونا کی دوسری لہر نے دنیا بھر میں تباہی مچادی ہے اور بڑی بڑی معیشتوں کو ہلاکر رکھ دیا ہے، تیزی سے پھیلتے وائرس نے وباء سے پاک براعظم انٹارٹیکا میں بھی پنجے گاڑنا شروع کردیئے ہیں۔
لاطینی امریکہ کے ملک چلی کی مسلح افواج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ انٹارکٹیکا میں واقع ان کے تحقیقاتی مرکز میں کورونا وائرس کے کیسز سامنے آئے ہیں۔
چلی کے تحقیقاتی مرکز میں 36 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جن میں 26 اہلکار اور 10 دیگر عملے کے افراد بھی شامل ہیں۔
چلی کے فوجی حکام کے مطابق کووڈ کیسز سامنے آنے کے بعد تمام متاثرہ افراد کو چلی میں علاج کیلئے منتقل کردیا گیا ہے جہاں ان افراد کی حالت مستحکم ہے جب کہ براعظم انٹارٹیکا میں واقع دیگر تحقیقی مراکز میں کام روک دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ انٹارٹیکا اب تک واحد براعظم تھا جہاں کورونا کا کوئی بھی کیس سامنے نہیں آیا تھا جب کہ وائرس سے دنیا بھر میں اب تک 7 کروڑ 84 لاکھ سے زائد افراد متاثر اور 17 لاکھ سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔