عراق میں امریکی سفارت خانے پر راکٹ حملے پر صدر ٹرمپ نے ایران کو تنبیہہ کرتے ہوئےکہا ہے کہ اگر ایک بھی امریکی مارا گیا تو ایران کو ذمہ دار ٹھہرائیں گے۔
ٹوئٹر پر اپنے بیان میں صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اتوار کو بغداد میں امریکی سفارت خانے کو راکٹوں سے نشانہ بنایا گیا، یہ راکٹ ایران سے آئے تھے۔
ٹرمپ کا کہنا تھا کہ عراق میں امریکیوں کے خلاف کچھ اور حملوں کی بھی اطلاعات ہیں، اگر ایک امریکی بھی مارا گیا تو ایران ذمہ دار ہوگا، ایران کے لیے دوستانہ مشورہ ہے کہ وہ اس بات پر غور کرے۔
ردعمل میں ایرانی وزیر خارجہ نے امریکا میں کورونا سے ہونے والی ریکارڈ اموات کا ڈیٹا شیئر کرتے ہوئےکہا ہےکہ بیرون ملک امریکیوں شہریوں کے خطرات کا ذکرکرکے صدر ٹرمپ امریکا کے اندر کی اپنی تباہ کن ناکامی سے توجہ نہیں ہٹاسکتے۔
خیال رہے کہ گذشتہ اتوار کو بغداد میں امریکی سفارت خانے کی عمارت کے قریب 5 راکٹ گرے تھے تاہم حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔