وادی کشمیر میں جگمگائیں گے دنیائے کرکٹ کے بڑے ستارے،کیونکہ آزاد کشمیر میں منعقد ہونے والے پہلے کرکٹ لیگ کی تمام تر تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔اور لیگ میں 6 ٹیمِں آئندہ برس اپریل میں میرپور اور مظفر آباد کے میدانوں میں ایکشن میں نظر آئیں گی۔
تفصیلات کے مطابق کشمیر لیگ کی تقریب رونمائی گورنر ہاؤس کراچی میں ہوئی جس میں گورنر سندھ اور چیئرمین کشمیر کمیٹی شہریار آفریدی بھی شریک ہوئے۔
کشمیر کمیٹی کے سربراہ شہریار آفریدی نے کہا کہ کے پی ایل میں دنیا بھر کے کرکٹرز شریک ہوں گے جس سے پوری دنیا کو پیغام جائے گا کہ آزاد کشمیر میں کتنا ٹیلنٹ ہے۔
شہریار آفریدی کا کہنا تھا کہ کھیل اور ثقافت کے ذریعے پوری دنیا میں کشمیر کا پیغام دیا جائے گا۔
یکم سے 10 اپریل تک ہونے والی پہلی کشمیر لیگ میں 6 ٹیمیں، راولاکوٹ ہاکس، باغ اسٹالینز ، اوور سی واریئرز، مظفرآباد ٹائیگرز ، میرپور رائلز اور کوٹلی پینتھرز شرکت کریں گی۔
اس موقع پر خطاب میں گورنر سندھ نے کہا کہ کشمیر پریمیئر لیگ سے دنیا کو پتہ چل جائے گا کہ بھارتی مقبوضہ کشمیر میں کیا حالات ہیں اور آزاد کشمیر میں کیا حالات ہیں، وہاں گلیاں بھی بند ہیں اور یہاں کرکٹ ہو رہی ہے۔
کے پی ایل کے صدر عارف ملک کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ لیگ پی سی بی سے منظور شدہ ہے، پہلے ایڈیشن میں صرف پاکستان کے ٹاپ کرکٹرز اور کشمیر کے مقامی کھلاڑی شامل ہوں گے اور دوسرے ایڈیشن سے غیر ملکی کرکٹرز بھی شرکت کریں گے۔